پاکستان کے دورے پر آئی انگلش ٹیم نے پنڈی ٹیسٹ میں فتح اپنے نام کی تو ان کے کپتان بین سٹوکس کا ایک بیان سوشل ٹائم لائنز کی خصوصی توجہ کا مرکز بن گیا۔
مختلف صارفین نے بین سٹوکس کی گفتگو کا ایک جملہ شیئر کیا جس میں وہ کہتے ہیں کہ ’دوسرے ٹیسٹ میں بھی سابقہ جیسی صورتحال ملی تو ہم بھی وہی حکمت عملی اپنائیں گے۔‘
مزید پڑھیں
-
راولپنڈی ٹیسٹ: ’پاکستان جیتا تو پھوپھو کی بیٹی کو ہاں‘Node ID: 723466
-
ورلڈ ریکارڈز، واش روم بریک: پنڈی ٹیسٹ میں کیا ہوا؟Node ID: 723616
اس جملے پر تبصرہ کرنے والے صارفین نے ’بولرز تیار ہو جائیں‘ کہہ کر پاکستانی ٹیم کو مخاطب کیا تو حارث رؤف کا ملتان ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہ ہونا بھی گفتگو کا حصہ بنا۔
کیا ملتان ٹیسٹ بھی راولپنڈی ٹیسٹ کی طرح کا ہائی سکورنگ میچ ثابت ہو گا؟ پر تبصرہ کرنے والے صارفین میں سے کچھ نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس مرتبہ معاملہ پہلے سے بھی آگے جائے گا۔
ملتان میں زیادہ رنز بننے کی توقع ظاہر کرنے والوں نے لکھا کہ اس بار ’پہلی اننگز میں 800 رنز بنتے دکھائی دے رہے ہیں۔‘
راولپنڈی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انگلش ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 657 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم کی پہلی اننگز 579 رنز تک پہنچی تھی۔
بین سٹوکس کی میڈیا سے گفتگو کے دوران چائے کا ذکر چھڑا تو ان کی جانب سے سوال کو دہرانا اور پھر چائے کو عمدہ قرار دینا بھی نمایاں رہا۔
ملتان ٹیسٹ سے متعلق خواہشات اور خدشات کے اظہار کے گرد گھومتی گفتگو میں موسم کا ذکر چھڑا تو جنوبی پنجاب کی سرما رت سے واقف افراد نے دھند زدہ ماحول اور اس سے پہلے سیشن کے متاثر ہونے کا تذکرہ کیا۔
طویل عرصے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی کرنے والے ملتان سٹیڈیم میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں نو سے 13 دسمبر تک مدمقابل ہوں گی۔