Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور میں سموگ کے باعث ڈیوٹی کا طریقہ کار تبدیل، سکولوں میں چھٹیاں

انتظامیہ کی جانب سے ڈیوٹی کے نئے طریقہ کار اور سکولوں کی چھٹیوں کے نوٹیفیکشن عدالت میں پیش کیے گئے (فوٹو: اے ایف پی)
لاہور میں سموگ کے باعث بننے والی صورت حال کے حوالے سے نجی ملازمین کی ڈیوٹی کے طریقہ کار اور سکولوں کی چھٹیوں کے نوٹیفیکیشنز عدالت میں پیش کر دیے گئے ہیں۔
بدھ کو لاہور ہائیکوٹ میں اس کی جانب سے جاری کیے جانے والے احکامات پر عملدرامد کے معاملے کا جائزہ لیا گیا اس موقع پر ریلیف کمشنر پنجاب زاہد زمان نے نوٹیفیکیشن عدالت میں پیش کیا۔
ملازمین کی ڈیوٹی کے طریقہ کار کے نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ نجی کمپنیوں اور اداروں سے وابستہ افراد جمعے اور ہفتے کو گھر سے کام کریں گے اور اس کا عدالتی حکم کے مطابق اطلاق آج سے ہو گا۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق نجی اداروں کے ملازمین عدالتی حکم کے مطابق 15 جنوری تک گھروں سے کام کریں گے۔
خیال رہے لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ کے باعث نجی اداروں کو ہفتے میں دو روز گھر سے کام کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔
علاوہ ازیں سیکریٹری سکول ایجوکیشن پنجاب نے سکولوں کی چھٹیوں کا نوٹیفیکیشن بھی عدالت میں پیش کیا۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق سموگ کے خاتمنے تک لاہور کے سرکاری و نجی تعلیمی ادارے جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو بند رہیں گے۔
اس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو چھٹیوں پر عملدرامد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
خیال رہے لاہور ہائیکورٹ نے سموگ کے باعث ہفتے میں تین دن سکول بند رکھنے کا حکم بھی دے رکھا تھا۔

شیئر: