سیلاب: ’سعودی عرب پاکستان کو بحران سے نکلنے میں مدد دے رہا ہے‘
ڈاکٹر علی عواد اسیری کا کہنا تھا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک گہرا اور منفرد رشتہ قائم ہے‘ (فوٹو: عرب نیوز)
پاکستان میں سعودی عرب کے سابق سفیر ڈاکٹر علی عواد اسیری نے کہا ہے کہ سیلاب کے بعد پاکستان کو معاشی بحران سے بچانے کے لیے سعودی عرب بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
بدھ کو اسلام آباد میں انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹڈیز کے زیراہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر ڈاکٹر علی عواد اسیری کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی ذاتی طور پر یہ عزم رکھتے ہیں کہ وہ نہ صرف پاکستان کی فوری مالی ضروریات کو پورا کریں گے بلکہ توانائی کے شعبے میں طویل مدتی سرمایہ کاری بھی کی جائے گی۔
ڈاکٹر علی عواد اسیری کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’اس میں کوئی شک نہیں کہ وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کو آگے لے جانے کی صلاحیت اور عزم رکھتے ہیں اور اس کے لیے سعودی عرب کی جانب سے مدد درکار ہو تو بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔
اسلام کانکلیو کے دوسرے مرحلے کی تقریب، جس کا عنوان ’آزادی کے 75 سال، جامع قومی سلامتی کا حصول‘ تھا، میں خطاب کرتے ہوئے سابق سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ
سعودی ویژن 2030 کے ساتھ پاکستان کے تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات بہت اہم ہیں، جس سے یہاں کے ہنرمند افراد کو دنیا کے بڑے ترقیاتی منصوبوں تک رسائی ملتی ہے۔
ان کے مطابق ’سعودی عرب اور پاکستان کے اقتصادی تعلقات میں ایک بڑی تبدیلی آ رہی ہے کیونکہ سعودی عرب پاکستان کے ترقیاتی شعبے میں طویل مدتی سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتا ہے۔‘
ان کے بقول ’دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی، سکیورٹی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں ایک منفرد، گہرا اور پائیدار رشتہ قائم ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ برادرانہ رشتہ ہماری متحرک اور ویژنری قیادت میں نئی بلندیوں کو چھو لے گا۔‘