حرم مکی شریف میں سیکیورٹی اہلکاروں کو چھری سے حملہ کرکے زخمی کرنے والا گرفتار
نماز فجر کے وقت حرم کی چھت پر مشکوک حالت میں پایا گیا،نفسیاتی مریض ہے، ترجمان
مکہ مکرمہ: حرم مکی شریف کی سیکیورٹی نے مسجد الحرام میں سیکیورٹی اہلکار کو چھری سے زخمی کرنے والے کو گرفتار کرلیا۔ واقعہ آج جمعہ کو فجر کی نماز کے وقت حرم مکی شریف کی چھت پر پیش آیا۔ سبق ویب سائٹ کو تفصیلات بتاتے ہوئے حرم مکی شریف کی سیکیورٹی فورس کے ترجمان کرنل سامح سلمی نے بتایا کہ سیکیوریٹی اہلکاروں نے نگراں کیمروں کے ذریعہ فجر کی نماز کے وقت ایک مشکوک شخص کو حرم مکی شریف کی چھت پر دیکھا۔ وہ جماعت میں شامل ہونے کے بجائے مشکوک قسم کی حرکتیں کرتا رہا۔ آپریشن روم میں اہلکاروں کی ہدایت پر گراؤنڈ میں موجود افسران نے اس سے تفتیش کی تو اس نے چھری سے سیکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کردیا۔ حملہ کے نتیجے میں متعدد اہلکاروں کو معمولی قسم کے زخم آئے تاہم مشکوک شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ سلمی نے کہا کہ ابتدائی تفتیش سے اندازہ ہوتا ہے کہ مشکوک شخص نفسیاتی مریض ہے۔ تفتیش مکمل ہونے پر تفصیلات جاری کی جائیں گی۔