Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: ٹیچر نے طالب علم کو پہلی منزل سے نیچے پھینک دیا

پولیس ے مطابق ٹیچر نے پہلے چوتھی جماعت کے بچے کو بیلچے سے مارا (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
انڈین ریاست کرناٹک کے ایک سرکاری سکول میں ایک 10 سالہ طالب علم اس وقت ہلاک ہو گیا جب اس کے ٹیچر نے پہلے اس پر تشدد کیا اور پھر پہلی منزل سے نیچے دھکا دے دیا۔
انڈین نیوز چینل ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ’موتھاپا نامی ٹیچر نے چوتھی جماعت کے بچے کو بیلچے سے مارا۔‘
سینیئر پولیس آفیسر شیوپرکاش دیواراجو نے رپورٹرز کو بتایا کہ ’مارنے کی وجہ کا ابھی علم نہیں ہو سکا۔ ظاہری طور پر لگتا ہے کہ ان کے درمیان کوئی خاندانی تنازع تھا۔‘
اس ٹیچر نے اس سے قبل بھارت نامی اس بچے کی ماں کو بھی مارا جو اسی سکول میں پڑھاتی ہیں۔ وہ ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
اس واقعے کے بعد ٹیچر لاپتہ ہے اور پولیس اس کی تلاش کر رہی ہے۔
گذشتہ ہفتے اس طرح کا ایک واقعہ دہلی کے ایک سکول میں بھی پیش آیا تھا۔ سرکاری سکول کے ٹیچر نے پانچویں جماعت کی طالبہ پر قینچی سے حملہ کیا اور پھر پہلی منزل سے نیچے پھینک دیا۔
پولیس کے مطابق ٹیچر نے طلبہ کو ایک کمرے میں بند کیا، لڑکی کے بال کاٹ دیے اور پھر اسے بالکونی سے نیچے پھینک دیا۔ ایک دوسری ٹیچر نے لڑکی کو بچانے کی کوشش کی، لیکن وہ ناکام رہی۔
بچی کو فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا۔ اس کی جبڑے کی ہڈی ٹوٹ گئی اور وہ کچھ کھانے پینے سے قاصر ہے۔ تاہم  ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ وہ اب بہتر ہے۔
اس کے علاوہ بچی کی ٹانگ اور سر پر بھی چوٹیں آئی ہیں۔ ٹیچر کو گرفتار کر کے اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

شیئر: