ڈاکٹر دلشاد احمد چیئرمین منتخب ، 7رکنی کمیٹی میں پہلی بار خاتون ممبر کی شمولیت
ریاض(کے این واصف) ہیڈ آف انسٹیٹیوشن و پرنسپل انٹرنیشنل انڈین اسکول ریاض ڈاکٹر شوکت پرویز کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق اسکول کی نئی انتظامی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا۔ اولیائے طلباءپر مشتمل اس 7رکنی کمیٹی کے اراکین کے نام اس طرح ہیں۔ ڈاکٹر دلشاد احمد، سلطان مظہر الدین، امان اللہ ارشد، عبدالمعین خاں، ڈاکٹر مسز کویتا، عبدالستار صدیقی او رایس حسین شیخ۔ ان اراکین کا تعلق ہندوستان کی مختلف ریاستوں سے ہے۔ اس مرتبہ ایک ریاست سے ایک ہی نمائندگی دی گئی ہے جبکہ ماضی میں ایک ریاست سے دو ممبر بھی منتخب کئے جاتے تھے۔ پچھلی انتظامی کمیٹی سے دو اراکین ڈاکٹر دلشاد احمد اور سلطان مظہر الدین دوبارہ منتخب کئے گئے ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی خاتون کو اسکول کی انتظامی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر دلشاد احمداس 7رکنی کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔