لاہور ایئرپورٹ پر دُھند، بین الاقوامی پروازیں اسلام آباد منتقل
بدھ 21 دسمبر 2022 16:55
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
پی آئی اے کی لاہور آنے والی پروازوں پر فیصلے کا اطلاق بدھ کی رات سے ہو گا۔ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
لاہور ایئرپورٹ پر دھند کے باعث پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے بین الاقوامی پروازوں کو اسلام آباد منتقل کر دیا ہے۔
بدھ کو ترجمان پی آئی اے نے اردو نیوز کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’دھند کے باعث حد نگاہ خطرناک حد تک کم ہو گئی ہے، جس کے وجہ سے پی آئی اے کی پروازوں کو اسلام آباد ایئرپورٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔‘
ترجمان کے مطابق ’لاہور ایئرپورٹ پر رات 10 سے صبح 11 بجے تک کی تمام بین الاقوامی پروازیں عارضی طور پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ منتقل کی گئی ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ صورتحال بہتر ہوتی ہے تو پروازیں معمول کے مطابق آپریٹ کریں گے۔ پی آئی اے کی لاہور آنے والی پروازوں پر فیصلے کا اطلاق بدھ کی رات سے ہو گا۔
دوسری جانب پی آئی اے نے مسافروں کو پروازیں منتقل ہونے کے حوالے سے اطلاعات فراہم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسافر پی آئی اے کے کال سینٹرز سے رابطہ کر کے پروازوں سے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
پی آئی اے نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’پروازوں کی منتقلی فضائی حفاظت اور مسافروں کو طویل انتظار کی کوفت سے بچانے کے تناظر میں کی گئی ہے۔ مسافروں کو ایئرپورٹ پک یا ڈراپ کرنے والے افراد سے درخواست ہے کہ وہ پروازوں سے متعلق بروقت معلومات کے لیے پی آئی اے کال سینٹر 786 786 111 سے رجوع کریں۔‘
اعلامیے میں مسافروں سے درخواست کی گئی ہے کہ ’ٹکٹ بکنگ کے وقت اپنا درست نمبر ضرور ریکارڈ کروائیں تاکہ مسافروں کو بذریعہ کال یا ایس ایم ایس پروازوں کے اوقات میں رد و بدل سے متعلق بروقت معلومات مہیا کی جا سکے۔‘