مدینہ منورہ .... گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز نے مسجد نبوی شریف کے مدرس اور معروف عالم دین شیخ ابو بکر الجزائری کی اسپتال میں عیادت کی۔ عیادت کے دوران شہزادہ محمد بن عبدالعزیز اسپتال برائے نیشنل گارڈ کی طبی ٹیم نے شیخ ابو بکر الجزائری کی صحت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ طبی ٹیم نے کہا کہ شیخ کی حالت بہتر ہورہی ہے۔ انہیں 24گھنٹے طبی نگرانی میں رکھا جارہاہے۔ امید ہے کہ بہت جلدشیخ کو جنرل وارڈ میں منتقل کیا جائیگا۔ دریں اثناءشیخ ابو بکر الجزائری کے صاحبزادوں نے گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکام ، علماءاور مشائخ کے ساتھ ہمیشہ سے بہترین معاملات رکھتے ہیں۔ سعودی حکام مشائخ و علماءکی عزت کرتے ہیں او ران کی خیر خیریت دریافت کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔