Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ عبدالعزیز لائبریری کے تحت مراکش میں اسلامی سکوں اور قلمی نسخوں کی نمائش 

مراکش میں نمائش کا افتتاح ’ایسسکو‘ کے ڈائریکٹر جنرل نے کیا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کی کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری نے مراکش کے دارالحکومت رباط میں اسلامی تنظیم برائے تربیت و سائنس و ثقافت ’ایسسکو‘ کے اجلاس کے موقع پر اسلامی سکوں اور قلمی نسخوں کی چار روزہ بین الاقوامی نمائش کا انعقاد کیا ہے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری نے نمائش کا اہتمام ایسسکو اور قومی کمیٹی  برائے تربیت و سائنس و ثقافت اور لائبریوں کے ادارے کی شراکت سے کیا ہے۔ 
نمائش کی سرپرستی سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان کر رہے ہیں جبکہ نمائش کا افتتاح ’ایسسکو‘ کے ڈائریکٹر جنرل سالم بن محمد المالک نے کیا۔

اسلامی اور عرب دنیا کے پچاس نایاب سکے نمائش میں سجائے گئے ہیں(فوٹو ایس پی اے)

58 مسلم ممالک کے وفود نے نمائش دیکھی اور اسے سراہا۔ اسلامی اور عرب دنیا کے پچاس نایاب سکے نمائش میں سجائے گئے ہیں۔
ان میں سے بعض سونے، دیگر چاندی اور کچھ کانسی کے ہیں۔ ان کا تعلق اموی، عباسی، اندلسی، فاطمی، ایوبی، اتابکہ، سلجوقی اور مملوکی دور سے ہے۔ بعض سکے مغرب عربی کے ملکوں اور دیگر مشرق اسلامی کے ملکوں سے نسبت رکھتے ہیں۔ 
وزیٹرزخلیفہ عبدالملک بن مروان کے عہد میں بنائے  جانے والے سونے کے عرب دینار میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ یہ دینار 72-74ھ کے دوران تیار کیے گئے تھے۔  
کنگ عبدالعزیز لائبریری نے نمائش میں ساسانی دور کے اس عرب درہم کو بھی سجایا ہے جو 75ھ میں دمشق میں بنایا گیا تھا۔ 292ھ کے دوران فلسطین میں تیار کیا جانے والا طولونی دینار، 451ھ میں بنایا جانے والا مکی دیناربھی رکھا گیا ہے۔
یاد رہے کہ کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری نے ریاض کے ہیڈکوارٹر میں نایاب سکوں کی نمائش شروع کی تھی۔ اب مراکش میں اسے بین الاقوامی نمائش بنادیا گیا ہے۔  

شیئر: