Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سلمان کی دلیرانہ سنچری، کیا پاکستانی بیٹنگ کو نیا ’مردِ بحران‘ مل سکتا ہے؟

آغا سلمان نے ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز 16 جولائی 2022 کو سری لنکا کے خلاف گال میں کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے پہلے روز 48 رنز پر 3 وکٹیں گنوانے کے بعد بظاہر پاکستانی بیٹنگ لڑکھڑا چکی تھی، مگر بابر اعظم اور سرفراز احمد کی ذمہ دارانہ اننگز نے پاکستانی سکور کو باآسانی 300 کے پار پہنچا دیا۔
پہلے روز کے اختتام سے قبل سرفراز احمد 86 رنز پر آوٹ ہوئے تو آغا سلمان نمبر 7 پر بلے بازی کرنے آئے۔ دوسرے روز کھیل کے آغاز پر بابر اعظم 161 رنز پر آوٹ ہوئے تو سلمان کے ساتھ دوسرے اینڈ پر ٹیل اینڈرز کی آمد شروع ہو چکی تھی۔
پہلے سیشن میں سلمان کا ساتھ نعمان علی نے دیا جو رنز میں زیادہ اضافہ تو نہ کر سکے مگر اپنا اینڈ سنبھالے رکھا۔ کھانے کے وقفے سے قبل نعمان علی 75 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ چکے تھے اور سلمان کا ساتھ نبھانے کے لیےمحمد وسیم کریز پر آئے۔ 5 ہی گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد محمد وسیم بھی چلتے بنے اور میر حمزہ کو میدان میں آنا پڑا۔ دوسرے دن کے پہلے سیشن میں رنز کی رفتار بھی زیادہ نہیں رہی تھی. کپتان بابر اعظم، نعمان علی اور محمد وسیم کی وکٹیں گنوا کر سکور 317 سے بڑھ کر 377 تک پہنچ چکا تھا۔ 
لنچ کے بعد آغا سلمان اور میر حمزہ کریز پر آئے تو 400 کا ہندسہ مشکل دکھائی دیتا تھا۔ سلمان 54 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے اور دوسرے سیشن کا آغاز ہوا تو نیل ویگنر کی پہلی ہی گیند کو آغا سلمان نے باؤنڈری کے پار پہنچا کر اپنے عزائم کا اظہار کر دیا۔ 
اپنی سینچری کے آخری 49 رنز 45 گیندوں پر سمیٹتے ہوئے سلمان نے سودھی کو چوکا لگا کر اپنی سینچری مکمل کی۔ جس پر ڈریسنگ روم میں تمام ہی کھلاڑیوں نے کھڑے ہو کر انہیں داد دی۔ 
ٹوئٹر پر ساجد صادق نے لکھا کہ کریز پر موجودگی کے دوران بننے والے 132 میں سے 103 رنز آغا سلمان نے بنائے۔

 

فرید خان نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ آغا سلمان اور یونس خان وکٹ کیپرز کے علاوہ  2 ٹیسٹ پلئیرز  ہیں جنہوں نے نمبر 7 پر بیٹنگ کرتے ہوئے موجودہ صدی میں پاکستان کی طرف سے سنچری بنائی ہے۔ 
ٹوئٹر صارف حماد نے ان کی سنچری پر لکھا ٹیل اینڈرز کے ساتھ سینچری، پاکستان کو شاید نیا مرد بحران مل گیا۔ 

 

یاد رہے آغا سلمان نے ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز 16 جولائی 2022 کو سری لنکا کے خلاف گال میں کیا تھا۔ 2 میچز کی ٹیسٹ سیریز میں وہ کوئی خاص متاثر کن کارکردگی نہیں دکھا پائے تھے۔ ایک نصف سنچری کے باوجود انہوں نے 4 اننگز میں صرف 83 رنز بنائے، جبکہ گیند بازی کا موقع انہیں 3 اننگرز میں دیا گیا جہاں وہ 1 وکٹ حاصل کرسکے۔ ٹیسٹ کیرئیر کے آغاز سے اب تک آغا علی سلمان 11 اننگرز میں بلے بازی کرتے ہوئے 3 نصف سنچریاں اور 1 سنچری بنا چکے ہیں۔ 

 

 

شیئر: