جلالۃ الملک – الدرعیہ‘ جنگی جہاز شاہ فیصل پورٹ جدہ پہنچ گیا
جمعرات 29 دسمبر 2022 19:59
سعودی عرب نے سپین سے متعدد جنگی جہازوں کا سودا کیا ہے(فوٹو،ایس پی اے)
’جلالۃ الملک-الدرعیہ‘ جنگی جہاز جمعرات کوجدہ کی کنگ فیصل بحری اڈے پر پہنچ گیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘کے مطابق سعودی بحریہ کے کمانڈر فہد الغفیلی نے 26 جولائی 2022 کو سپین کے سان فرنینڈو میں اس کا افتتاح کیا تھا۔
سعودی عرب نے سپین سے ’السروات‘ پروجیکٹ کے تحت متعدد جنگی جہازوں کا سودا کیا ہے۔ یہ اس سلسلے کا دوسرا جہاز ہے جسے سعودی عرب کے حوالے کردیا گیا ہے۔
سعودی بحریہ کے کمانڈر نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج کا دن تاریخی ہے جب ’جلالۃ الملک – الدرعیہ‘ جنگی جہاز کا افتتاح کیا جارہا ہے۔ 4 ماہ قبل جلالۃ الملک – الجبیل کا افتتاح کیا گیا تھا۔
الغفیلی نے کہاکہ السروات پروجیکٹ کے تحت سعودی بحریہ کی تیاریوں کا معیار بلند کرنے میں معاون بنے گا۔ اس سے خطے میں سمندری امن و سلامتی مستحکم ہوگی اور سعودی عرب کے اہم سٹراٹیجک مفادات کو تحفظ حاصل ہوگا۔
سعودی ملٹری انڈسٹریز کمپنی (ایس اے ایم آئی) کے ایگزیکٹیو چیئرمین انجینیئر ولید عبدالمجید کا کہنا ہے کہ جلالۃ الملک – الجبیل جہاز ہر طرح کے فضائی، سمندری اور زیر آب خطرات سے نمٹنے کے سلسلے میں جدید ترین جنگی سسٹم سے آراستہ ہے۔ یہ الیکٹرانک جنگ میں ان دنوں دنیا بھر میں رائج بہت سارے جنگی جہازوں کے مقابلے میں زیادہ موثر ہے۔
عبدالمجید نے کہا کہ السروات پروجیکٹ کے تحت ملنے والے تمام جنگی جہازوں کو ’حزم‘ کے نام سے ایسے جنگی معرکہ کنٹرول کرنے والے پہلے سسٹم سے آراستہ کیا جائے گا جو سو فیصد سعودی ہوگا۔ اسے سامی نافانتیہ کمپنی نے تیار کیا ہے۔