کراچی .. وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قوم کے اعتماد کے لئے وزیراعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کو پانامہ لیکس کے حوالے سے الزامات کا سامنا کرنے کے لئے کسی بھی سطح پر پیش ہونا پڑے، پیش ہوں گے۔چاہے اس کی تحقیقات کسی بھی گریڈ کا افسر ان سے کرے۔ کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے تحت میٹ دی ایڈیٹرز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پانامہ لیکس سے جمہوریت کو مزید تقویت ملے گی۔ وزیراعظم سے ان کی 3 نسلوں کے بارے میں حساب لیا جارہا ہے تو پھر سب کو احتساب کے لئے پیش ہونا ہوگا اور حساب دینا پڑے گا۔ نیوز لیکس کے معاملے پر وزیراعظم ہاوس سے جاری نوٹیفکیشن ہدایت نامہ ہے۔ اس معاملے پر تفصیلی نوٹیفکیشن وزارت داخلہ جاری کرے گی جسکے بعد تمام ابہام دور ہوجائے گا۔ اپوزیشن نے ایک سال 17 دن تک پانامہ لیکس کے حوالے سے مفروضوں پر مبنی سیاست کی۔ بغیر کسی مفروضے پر ایک خاتون کو قومی سلامتی کے معاملے سے جوڑ دیا گیا۔ مریم نواز کو آئندہ وزیراعظم بنانے کا پروپیگنڈہ اپوزیشن نے کیاتاہم وزیراعظم یا مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا ۔آئندہ انتخابات میں کون مسلم لیگ (ن) کی جانب سے امیدوار ہوگا، اس کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔ ملک میں آنے والا وقت بھی جمہوریت کا ہوگا۔پاکستان کی ترقی اور خوش حالی کے لئے دہشت گردی اور انتہا پسندی کی سوچ کو ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ سی پیک منصوبہ پر پاکستان کے مفادات کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا ۔ حکومتی اقدامات اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں سے گزشتہ چار سال کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ دنیا کو یہ پیغام دینا ہوگا کہ امن پسند لوگ ہیں۔میڈیا خبروں کو نشر واشاعت کرتے وقت ملکی سلامتی اور وقار کو مدنظر رکھے۔پاکستان کے مثبت امیج کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔