Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

2022 کے دوران سعودی ریلوے سے 4.1 ملین افراد نے سفر کیا 

مسافروں کی تعداد 2021 کے مقابلے میں سو فیصد زیادہ ہے( فوٹو سیدتی)
سعودی ریلوے ’سار‘ نے 2022 کے دوران 4.1 ملین سے زیادہ افراد کو سفر کی سہولت فراہم کی ہے جو 2021 کے  مقابلے میں سو فیصد زیادہ ہے۔
1.35 ملین افراد کو مشاعر مقدسہ ٹرین کے ذریعے سفر کی سہولت فراہم کی گئی۔
سیدتی میگزین کے مطابق سعودی ریلوے’ سار‘ نے بیان میں کہا کہ 2022 کے  دوران 24 ملین ٹن سامان مال گاڑیوں کے ذریعے منتقل کیا گیا جو 2021 کے مقابلے میں 22 فیصد زیادہ ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ سعودی ریلوے میں سعودائزیشن کی شرح 87 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ سعودی افرادی قوت کو ایک لاکھ 3 ہزار گھنٹے ٹریننگ دی گئی۔
گزشتہ صدی کے چوتھےعشرے میں سعودی قیادت نے عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی کےلے ریلوے کا منصوبہ شروع کیاتھا۔ مملکت میں تیل کی دریافت کے بعد خلیج عرب کے ساحل پر بندرگاہ قائم کرنے اور کم لاگت تیز رفتار ٹرانسپورٹ وسائل کی ضرورت تھی۔ 
بانی مملکت شاہ عبدالعزیز نے سعودی عرب میں تیل کی تلاش کےلیے مشینری بندرگاہوں سے مطلوبہ  مقامات تک پہنچانے کے لیے کمرشل پورٹ قائم کرنے کی منظوری دی تھی۔ ریلوے لائن کےلیے اکتوبر 1947 میں کام کا آغاز ہوا۔
اکتوبر1951 میں شاہ عبدالعزیز نے ریاض، دمام ریلوے لائن کا افتتاح کیا جو مملکت میں سب سے پہلی ریلوے لائن تھی۔
 بعد ازاں سعودی ریلوے جنرل کارپوریشن قائم کی گئی جسے سعودی وژن 2030 کے تحت یکم اپریل2021 کے دوران سعودی ریلوے کمپنی’ سار‘ کا حصہ  بنا کر  کارپوریشن کو ختم کردیا گیا۔

شیئر: