سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا جائزہ لے گا
سعودی عرب پاکستان میں سرمایہ کاری 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا جائزہ لے گا
منگل 10 جنوری 2023 2:57
سعودی ڈپازٹ میں 2 دسمبر2022 کو توسیع کی گئی تھی۔ ( فوٹو ایس پی اے)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان میں مملکت کی سرمایہ کاری کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کو پاکستان کے مرکزی بینک میں سعودی ڈپازٹ کو پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی۔
ایس پی اے کے مطابق یہ ہدایت ولی عہد اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ہونے والی بات چیت کے تناظر میں کی گئی ہے۔
اس سے قبل سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے پاکستان میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان گزشتہ سال 25 اگست کو کیا تھا۔
سعودی فرمانروا کی جانب سے یہ ہدایت وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے بعد جاری کی گئی تھی۔
خیال رہے کہ دسمبر 2021 میں پاکستان کے مرکزی بینک میں سعودی ڈیپازٹ میں تین سال کی توسیع کی گئی تھی۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد کی ہدایات پاکستان کی معیشت اور اس کے عوام کی سپورٹ میں مملکت کے موقف کی توثیق کرتی ہیں، یہ حکم مملکت کی جانب سے پاکستان کی معیشت اور وہاں کے عوام کی مدد کا اعادہ ہے۔
دو دسمبر 2022 کو سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ نے سٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع تین ارب کے ڈیپازٹ میں توسیع کی تھی تاکہ پاکستان کو معاشی چیلنجز سے نمٹنے میں آسانی فراہم کی جا سکے۔
سعودی ولی عہد کی جانب سے یہ اعلان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب پاکستان کو ادائیگیوں میں توازن کے لیے بیرونی فنانسنگ کی فوری ضرورت ہے۔
گزشتہ سال پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 5.8 ارب ڈالر کے ساتھ آٹھ سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئے تھے۔
علاوہ ازیں سرکاری اعداد و شمار کا جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوتا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے سال 2022 میں 6.67 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھجوائیں تھیں۔