امارات میں 53 فیصد ملازمین کو رواں سال تنخواہ میں اضافے کی امید
جائزے میں 30 فیصد پروفیشنلزنے کہا کہ ان کی کمپنیاں اوور ٹائم دیتی ہیں ( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں 53 فیصد پروفیشنلز نے 2023 کے دوران تنخواہوں میں اضافے کی توقع ظاہر کی ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق 2023 کے دوران مشرق وسطٰی اور شمالی افریقہ میں تنخواہوں سے متعلق رائے عامہ کے جائزے میں بتایا گیا کہ ’امارات میں 10 پروفیشنلز میں سے سات نے اس یقین کا اظہار کیا کہ سال رواں کے دوران تنخواہوں میں اضافہ ہوگا یا جوں کی توں برقرار رہیں گی جبکہ 53 فیصد نے تنخواہوں میں اضافے کی امید ظاہر کی ہے۔‘
رائے عامہ کا جائزہ ’بیت کوم‘ نے مارکیٹ ریسرچ کے ماہر ادارے ’یوگوف‘ کے تعاون سے تیار کیا ہے۔ بیت کوم مشرق وسطٰی میں ملازمتوں کے حوالے سے سب سے بڑی ویب سائٹ سمجھی جاتی ہے۔
30 فیصد پروفیشنلزنے کہا کہ ’ان کی کمپنیاں اوور ٹائم دیتی ہیں۔‘
دو تہائی افراد کا کہنا ہے کہ ’وہ سو فیصد لگی بندھی تنخواہ کو ترجیح دیتے ہیں جبکہ 25 فیصد کے مطابق وہ کمیشن اور ترغیبات کے حوالے سے تبدیلی کے حق میں ہیں۔‘
امارات میں ملازمین کو جو سہولتیں دی جا رہی ہیں ان میں ہیلتھ انشورنس ( 46 فیصد)، سالانہ ایئر ٹکٹ الاؤنس (33 فیصد) اور مکافہ جات (27 فیصد) شامل ہیں۔
61 فیصد کا کہنا ہے کہ ’وہ رواں سال کے دوران اپنے ہی شعبے میں زیادہ بہتر ملازمت کی تلاش پر توجہ دیں گے جبکہ 43 فیصد کا کہنا ہے کہ وہ اپنے شعبے سے ہٹ کر ملازمت کی تلاش کی کوشش کریں گے۔‘
دو تہائی کا کہنا تھا کہ ’ان کے اپنے وطن کے مقابلے میں متحدہ عرب امارات میں معیار زندگی زیادہ اچھا ہے۔‘
23 فیصد نے بتایا کہ وہ مقررہ پروگرام کے مطابق اپنی بچت کسی نہ کسی منافع بخش پروگرام میں لگا رہے ہیں جبکہ 12 فیصد نے کہا کہ وہ بچت اپنے نجی کاروبار میں لگاتے ہیں۔