وفاقی حکومت کی ناقص کارکردگی کو عوام کے سامنے لایا جائے، محمد خالد رانا
ریاض ( ذکاءاللہ محسن) پاکستان پیپلزپارٹی اگلے الیکشن میں وفاقی حکومت کی ناقص کارکردگی کو عوام کے سامنے رکھے گی۔ پیپلزپارٹی نے جمہوریت کے تسلسل کے لئے حکومت کو گرنے سے بچانے کے لئے سعی کی۔ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی کے جنرل سیکرٹری محمد خالد رانا نے اردو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے 2013 کے الیکشن میں بجلی کو ایشو بناتے ہوئے 3 ماہ سے لے کر6 ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے وعدے کئے۔ پیپلز پارٹی نے وعدوں کے ایفا کا4 سال انتظار کیا اسی دوران پٹرول کی عالمی قیمت جو پیپلز پارٹی کے عہد میں 140 ڈالر فی بیرل سے گر کر 50 ڈالر تک آ گئی لیکن پھر بھی گردشی قرضہ دوبارہ بڑھ کر 500 ارب تک پہنچ گیا ہے۔ دیہی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ 18 گھنٹے تک جا پہنچی ہے۔ پاکستان کو قرضوں کی دلدل میں دھنسا دیا گیا ہے۔ اگلی حکومت کو سی پیک کے 45 ارب ڈالر کے مہنگے قرضوں کا سود دینے میں ساڑھے 3 ارب ڈالر سالانہ چاہئے ہوں گے۔ برآمدات میں اضافے اور درآمدات میں کمی نے ملک کو دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچا دیا ہے۔ خارجہ امور میں مکمل ناکامی نے پاکستان کو دنیا میں تنہا کر دیا ہے۔ پیپلز پارٹی ان تمام ایشوز پر عوام کو اعتماد میں لے گی۔ پنجاب میں اس کا کامیاب آغاز آج کے کیمپ سے شروع کر دیا گیا ہے۔ پنجاب کے تمام اضلاع کے مرکزی مقامات پر اس طرح کے کیمپ لگائے جائیں گے۔ پیپلز پارٹی اس بات کو بھی اجاگر کرے گی کہ آج پاکستان کے ڈھائی کروڑ بچے اسکول نہیں جا رہے۔