Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دنیا کے سردترین‘ روسی شہر کا درجہ حرارت منفی 50 ڈگری تک گِر گیا

یاقوتسک شہر کا درجہ حرارت اکثر منفی 40 ڈگری سے نیچے ہی رہتا ہے (فوٹو: روئٹرز)
روس کے اکثر علاقوں کو سردی کی شدید لہر نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے جبکہ رواں ہفتے میں یاقوتسک شہر کا درجہ حرارت منفی 50 ڈگری سیلسیئس تک نیچے گِر گیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق روس کے مشرق بعید میں ماسکو سے پانچ ہزار کلومیٹر فاصلے پر واقع کان کنی کے لیے مشہور شہر یاقوتسک کا شمار دنیا کے سردترین شہروں میں ہوتا ہے۔
یہاں کا درجہ حرارت اکثر منفی 40 ڈگری سے نیچے ہی رہتا ہے۔
یاقوتسک کی ایک شہری اناستاسیا گروزدیوا دو سکارف، دستانوں کے دو جوڑے پہنے ہوئے تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’آپ اس کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ آپ یا تو اس کے مطابق لباس پہن کر ایڈجسٹ ہوں یا پھر تکلیف کا سامنا کریں۔‘
انہوں نے برفیلی دھند میں ڈھکے شہر کے موسم کے بارے میں مزید کہا کہ ’آپ کو شہر میں سردی محسوس ہی نہیں ہوتی یا شاید صرف آپ کا دماغ ہی آپ کو اس کے لیے تیار کرتا ہے اور آپ کو بتاتا ہے کہ سب کچھ نارمل ہے۔‘

یاقوتسک کے بازار میں منجمد مچھلی فروخت کرنے کے لیے فریج یا فریزر کی ضرورت نہیں پڑتی (فوٹو: روئٹرز)

ایک اور شہری نورگسن سٹاروسٹینا ہیں جنہیں بازار میں منجمد مچھلی فروخت کرنے کے لیے فریج یا فریزر کی ضرورت نہیں پڑتی۔
ان کا کہنا ہے کہ ’اس سردی سے نمٹنے کے لیے کوئی خاص راز نہیں ہے۔‘

امریکہ اور جاپان میں طوفانی برف بازی

اُدھر امریکہ اور جاپان میں بھی کئی ہفتوں سے شدید سردی اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
دسمبر 2022ء کے آخری ہفتے میں امریکہ میں شدید برف باری سے 50 سے زائد افراد ہلاک ہونے کی رپورٹس سامنے آئی تھیں۔
اس کے علاوہ ٹریفک، ہوائی سفر اور بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا تھا۔
اے ایف پی کے مطابق ریاست نیو یارک کے دوسرے بڑے شہر بفیلو کے میئر بائرن براؤن نے کہا تھا کہ ’سنہ ’2022  کے برفانی طوفان کے بارے میں نہ صرف آج بلکہ نسلوں تک بات کی جائے گی۔ اس طوفان نے شدت میں 1977 کے تاریخی برفانی طوفان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔‘
حکام نے بتایا کہ ’برف باری سے متاثرہ بفیلو کے علاقے میں امدادی کارکنوں نے گاڑیوں اور برف کے تودوں کے نیچے سے لاشیں برآمد کیں۔‘

دسمبر 2022ء کے آخری ہفتے میں امریکہ میں شدید برف باری سے 50 سے زائد افراد ہلاک ہونے کی رپورٹس سامنے آئی تھیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

دسمبر ہی کے آخر میں جاپان کے شمالی علاقوں میں برفباری سے سینکڑوں گاڑیاں سڑکوں پر پھنس گئی تھیں جس کی وجہ سے ترسیل کا نظام متاثر ہوا، جبکہ 11 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
بعدازاں فائر اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے بتایا تھا کہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 17 ہو گئی اور 93 افراد زخمی ہوئے۔ ان میں سے بہت سے لوگ چھتوں سے برف ہٹاتے ہوئے گر کر مر گئے یا پھر چھتوں سے گرنے والی برف کے نیچے دب گئے۔

شیئر: