فلائی ناس کا مشرق وسطی کی سب سے بڑی ایئر لائن بننے کا منصوبہ
مزید دو ملکوں کے لیے پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے (فائل فوٹو الیوم)
سعودی فضائی کمپنی فلائی ناس نے کہا ہے کہ’ وہ مشرق وسطی کی سب سے بڑی ایئرلائن اور دنیا کی پانچ بڑی ایئرلائنز میں سے ایک بننے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ مزید دو ملکوں کے لیے پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘
العربیہ نیٹ کے مطابق فلائی ناس نے ابھی ان ملکوں کے نام ظاہر نہیں کیے جن ممالک کے لیے پروازیں شروع کی جائیں گی۔
فلائی ناس نے اس عزم کا اظہار ایسے وقت کیا ہے جب سعودی عرب نے تیل پر انحصار کم کرنے کے لیے آمدنی کے متبادل ذرائع تلاش کررہا ہے۔ سعودی عرب 2030 تک دنیا کے مقبول ترین سیاحتی ممالک کی فہرست میں شامل ہونے کے لیے کوشاں ہے۔
ریاض میں نئے ایئرپورٹ اور نئی فضائی کمپنی قائم کرنے کے منصوبے بھی متبادل ذرائع آمدنی کا حصہ ہیں۔ یہ پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی ملکیت ہوں گے۔
فلائی ناس اپنے طیاروں کی تعداد 250 تک پہنچانے کی منصوبہ بندی بھی کررہی ہے۔
اس سے قبل اعلان کیا گیا تھا کہ وہ بوئنگ 787 اور ایئربس اے 350 جیسے بڑے طیارے حاصل کرنے کا پروگرام بنا رہی ہے۔
یاد رہے کہ فلائی ناس نے 2007 میں ناس ایئر کے نام سے کاروبار شروع کیا تھا۔ اس کی جزوی مالک کنگڈم ہولڈنگ کمپنی ہے۔