Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انسانی ہڈیوں کا پاؤڈر بنا کر کھلایا گیا‘، انڈیا میں جادو ٹونے پر مقدمہ درج

پولیس کے مطابق خاتون کو سسرال والے رات کو قبرستان لے کر انسانی ہڈیوں کا پاؤڈر پھانکنے پر مجبور کرتے تھے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
انڈیا میں پولیس نے سات افراد کے خلاف انسانی ہڈیوں کا پاؤڈر بنا کر کالے جادو کے لیے استعمال کرنے پر مقدمہ درج کیا ہے۔
ریاست مہاراشٹر کے شہر پونے میں پولیس نے بتایا کہ ایک خاتون نے شکایت درج کرائی کہ اُن کے سسرال والوں نے انسانی ہڈیوں سے بنایا گیا پاؤڈر کھلایا۔
پولیس کے مطابق اولاد کے حصول کے لیے کرائے گئے کالے جادو کے مقدمے میں خاتون کے شوہر، سسرالی افراد اور عامل کو نامزد کیا گیا ہے۔
پونے پولیس کے ڈپٹی کمشنر سوہیل شرما نے بتایا کہ ’ملزمان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 498 اے، 323، 504 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔‘
پولیس افسر کے مطابق مقدمے میں کالے جادو کے انسداد کے قانون کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق خاتون نے کئی معاملات پر مقدمے کے اندراج کے لیے پولیس سے رجوع کیا۔ ان میں سے ایک سسرال کی جانب سے جہیز کا مطالبہ تھا جس میں شکایت کنندہ کے مطابق اُن سے نقد رقم، چاندی اور سونا طلب کیا گیا تھا۔
شکایت کنندہ خاتون کی شادی سنہ 2019 میں ہوئی تھی۔
دوسرا مقدمہ الگ سے درج کیا گیا جس میں کالے جادو کی شکایت کی گئی تھی۔
پولیس کے مطابق خاتون کو سسرال والے رات کو قبرستان لے کر انسانی ہڈیوں کا پاؤڈر پھانکنے پر مجبور کرتے تھے۔
ڈپٹی کمشنر سوہیل شرما کے مطابق خاتون کو کالے جادو کے عمل کے دوران ریاست کے کسی نامعلوم مقام پر رات کے وقت آبشار کے نیچے لے جاتے تھے۔
’کالے جادو کے اس عمل کے دوران سسرال والے عامل سے فون پر ہدایات لیتے تھے۔‘
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ خاتون کی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے سات ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا اور تفتیش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق خاتون کا خاندان پڑھا لکھا ہے مگر اس کے باوجود اس طرح کے توہمات کا شکار ہے۔

شیئر: