پولیس کسی بھی شہر یا ملک کی ہو اس کا کام وہاں کے مکینوں کی جان و مال کی حفاظت اور امن و امان کا قیام ہوتا ہے، اسی بنیاد پر ان کی تعریف وتوصیف ہوتی یا انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
البتہ پاکستانی ٹائم لائنز پر ایک ایسے پولیس اہلکار کو سراہا جا رہا ہے جس نے اپنی ہپیشہ ورانہ ذمہ داری سے باہر جا کر ’بیٹی کے علاج کے لیے پریشان ایک بزرگ شہری کو خون عطیہ‘ کیا۔
راولپنڈی پولیس کے اہلکار نے یہ کام اس وقت کیا جب وہ اپنی ڈیوٹی کے دوران ایک چیک پوسٹ پر تعینات تھا۔
راولپنڈی پولیس چیف سید شہزاد ندیم بخاری نے واقعے کا پس منظر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’آج ایک بزرگ شہری کو اپنی بیٹی کے آپریشن کے سلسلہ میں اے نیگیٹو بلڈ کی ضرورت تھی جو کہیں میسر نہ ہو سکا۔ پولیس پکٹ پر ہمارے جوانوں کو ان کی پریشانی معلوم ہوئی تو کانسٹیبل سجاد نے فوری خون عطیہ کر کے ان کی مدد کی۔‘
پولیس سربراہ نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ ’شاباش سجاد، آپ کے لیے نقد انعام اور تعریفی سرٹیفیکیٹ۔ آپ میرا فخر ہیں۔‘