پاکستانی سرجیکل آلات میں ڈاکٹروں اور میڈیکل کالجوں کے طلباءکی دلچسپی
ریاض (ذکاءاللہ محسن) سعودی ہیلتھ کیئر کے زیر اہتمام جدید طریقہ علاج میں استعمال ہونے والے سرجیکل آلات کی سہ روزہ نمائش نے ریاض میں برصغیر کے تارکین کے حلقو ں میں دھوم مچا دی۔ اس میں ڈینٹل سرجری اور دیگر اعضاءکے آپریشن میں استعمال ہونے والے آلات پیش کئے گئے۔ پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک کی کمپنیوں نے اسٹال لگائے۔ ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹوڈنٹس کثیر تعدادمیں نمائش دیکھنے پہنچے۔ پاکستانی سرجیکل آلات میں خصوصی دلچسپی لی گئی۔ چین، امریکہ، فرانس اور سعودی کمپنیوں کی مصنوعات کی بھی پذیرائی ہوئی۔ فرسٹ فوکس کمپنی کی جانب سے سیلوجیسٹک مینجر الیاس رحیم نے بتایا کہ اس قسم کی نمائشوں سے نہ صرف یہ کہ مصنوعات کے بارے میں گرانقدر معلومات حاصل ہوتی ہیں بلکہ میڈیکل کے شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنی کارکردگی بہتر بنانے کا موقع بھی حاصل ہوتا ہے۔