Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی معاون وزیر دفاع اور چیف آف سٹاف سے جنرل ساحر شمشاد کی ملاقات

سعودی عرب کے معاون وزیر دفاع انجینیئرطلال العتیبی اور سعودی افواج کے چیف آف سٹاف جنرل فیاض الرویلی سے اتوار کو ریاض میں پاکستان کے جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد نے ملاقات کی ہے۔ 
پاکستان کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اتوار کو سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں۔
سعودی وزارت دفاع سے جاری بیان کے مطابق ’معاون وزیر دفاع انجینیئر طلال العتیبی اور جنرل ساحر شمشاد نے عسکری اور دفاعی شعبوں میں پاکستان اور سعودی عرب برادر ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعاون کے فروغ کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ہے‘۔ 
علاوہ ازیں سعودی چیف آف سٹاف جنرل فیاض الرویلی اور جنرل ساحر شمشاد نے ملاقات میں دونوں برادر ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے استحکام، عسکری اور دفاعی شعبوں میں تعاون کے فروغ کا عزم ظاہر کیا۔
 باہمی دلچسپی کے اہم موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
یاد ہے کہ جنرل ساحر شمشاد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے غیرملکی دورے پر سعودی عرب پہنچے ہیں۔ یہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ روایتی تعلقات کے استحکام کی علامت ہے۔

شیئر: