عثمان خواجہ کو انڈیا کا ویزہ نہ مل سکا: ’آپ وہاں سکور نہیں کر سکتے‘
بدھ 1 فروری 2023 10:23
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
دو دن قبل عثمان خواجہ کو ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئر قرار دیا گیا تھا۔ (فائل فوٹو: کرکٹ آسٹریلیا)
آسٹریلین بلے باز عثمان خواجہ نے انڈین ویزہ نہ ملنے اور ٹیم کے ساتھ دورے پر نہ جانے کا ذکر کیا تو ایک میم شیئر کر کے اپنی کیفیت بیان کی۔
پاکستانی نژاد آسٹریلین بیٹر کی انسٹاگرام پوسٹ پر تبصرہ کرنے والوں کو یہ طنز لگا تو کئی صارفین نے اس صورتحال کی وجہ بیان کرنے کی کوشش بھی کی۔
بلیک میک نے لکھا کہ ’وہ جانتے ہیں آپ سپن کو کھیل سکتے ہیں۔‘
انڈین صارفین اس خیال سے متفق دکھائی نہ دیے تو اسے ویزہ نہ ملنے کی وجہ تسلیم نہ کیا۔
دیپک ٹائیگر نے عثمان خواجہ کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’آپ انڈیا میں سکور نہیں کر سکتے۔ انڈیا میں آپ حقیقی سپن کا سامنا کریں گے۔‘
عثمان خواجہ کی شیئر کردہ میم میں دکھائے گئے ڈرگ لارڈ کا ذکر کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا کہ ’آپ چونکہ پابلو اسکوبار ہیں اس لیے آپ کو ویزہ دینے میں تاخیر ہو رہی ہے۔‘
عثمان خواجہ کے ساتھ انڈین ویزہ کے معاملے میں ایسا پہلے بھی ہو چکا ہے، کا تذکرہ کرتے ہوئے کرکٹ سے متعلق اکاؤنٹ نے لکھا کہ ’وہ پاکستان میں پیدا ہوئے، آسٹریلوی شہری ہیں اور متعدد مرتبہ انڈیا کا دورہ کر چکے لیکن ماضی میں بھی ویزہ پانے میں مشکلات کا سامنا کر چکے ہیں۔‘
آسٹریلین ٹیم انڈیا کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے بدھ کو روانہ ہوئی ہے تاہم ویزہ ملنے میں تاخیر کی وجہ سے اوپنر عثمان خواجہ ان کے ساتھ نہیں جا سکے۔
آسٹریلیا کے لیے 56 ٹیسٹ، 40 ون ڈے اور نو ٹی 20 میچز کھیلنے والے عثمان خواجہ کو دو روز قبل لیجنڈری شین وارن سے منسوب ایوارڈ دیتے ہوئے ’ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئر‘ قرار دیا گیا ہے۔