مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں لاکھوں افراد نے نماز جمعہ ادا کی
مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں لاکھوں افراد نے نماز جمعہ ادا کی
جمعہ 3 فروری 2023 20:58
انتظامیہ نے آمد ورفت کو منظم کرنے کے لیے اہلکار تعینات کیے تھے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں لاکھوں شہریوں، مقیم غیرملکیوں اور بیرون مملکت سے آنے والے زائرین نے نماز جمعہ ادا کیا ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مسجد نبوی میں دو لاکھ 80 ہزار سے زیادہ افراد نے نماز ادا کی ۔ نمازیوں اور زائرین کا کہنا ہے کہ ’انہوں نے نہایت سکون و اطمینان کے ساتھ عبادت کی۔
مسجد نبوی انتظامیہ نے نمازجمعہ کے لیے آنے والوں کی آمد ورفت کو منظم کرنے کے لیے اہلکار تعینات کیے تھے۔
معذوروں کے لیے ویل چیئرز کا انتظام تھا۔ اس کے علاوہ گالف گاڑیوں کی سہولت بھی مہیا کی گئی تھی۔
کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمبولینسوں کا انتظام تھا جبکہ راستہ بھولنے والوں کی مدد اور گمشدہ سامان کی حفاظت کا بھی بندوبست کیا گیا تھا۔
نماز جمعہ کے لیے آنے والوں نے مسجد نبوی اور اس کے صحنوں میں مہیا 143 ٹن آب زمزم استعمال کیا جبکہ آب زمزم کی 5 لاکھ 20 ہزار بوتلیں بھی زائرین میں تقسیم کی گئی ہیں۔
علاوہ ازیں مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں بھی نماز جمعہ کے بڑے اجتماع میں مکہ کے مقامی باشندوں کے علاوہ مقیم غیرملکیوں اور بیرون مملکت سے آئے ہوئے زائرین نے شرکت کی۔
حرمین شریفین انتظامیہ نے جمعے کی نمازکے حوالے سے آمد ورفت کو منظم کرنے اور دیگر سہولتوں کےلیے بہترین انتظامات کیے ہوئے تھے۔