سعودی عرب کا ٹرانزٹ ویزا، یوم تاسیس پر چھٹی اور وائرل ویڈیو کی حقیقت سمیت سعودی عرب سے ہفتہ بھر کی اہم خبریں
اتوار 5 فروری 2023 0:01
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
سعودی عرب نے مسافروں کے لیے آن لائن ٹرانزٹ ویزا سروس کا آغاز کردیا اور یوم وطنی پر تنخواہ سمیت عام تعطیل ہفتہ رفتہ کے دوران قارئین کی توجہ کا مرکز رہیں۔
اردو نیوز کے ریڈرز نے جدہ ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون پر سیلف لگیج ڈراپ سروس اور مکہ میں ہوٹل گرنے کی وائرل ویڈیو کی حقیقت جاننے میں بھی دلچسپی لی۔
سعودی عرب نے مسافروں کے لیے آن لائن ٹرانزٹ ویزا سروس کا آغاز کردیا
سعودی عرب نے فضائی راستے سے مملکت آنے والوں کے لیے آن لائن ٹرانزٹ ویزا سروس کاآغاز کیا ہے۔
نئی سروس پیر30 جنوری سے موثر ہوگی۔ مسافر سعودی ائیر لائن اور فلائی ناس کے الیکڑانک پلیٹ فارم کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔
یوم تاسیس پر 22 فروری کو تنخواہ سمیت چھٹی ملے گی
سعودی حکومت نے سال رواں کے دوران یوم تاسیس( فاونڈیشن ڈے) پرعام تعطیل کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ سرکاری و پرائیویٹ اور بغیر منافع والے سیکٹرز کے ملازمین کو تنخواہ سمیت چھٹی ملے گی۔
سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق سرکاری اداروں کے ملازمین اس سال یوم تاسیس پر دو دن چھٹی کریں گے۔
یوم وطنی اور تاسیس پر تعطیل کے قانون میں ترامیم کیا ہیں؟
سعودی وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود انجینیئر احمد الراجحی نے یوم وطنی (نیشنل ڈے)، یوم تاسیس (فاؤنڈیشن ڈے) کی تعطیلات کے قانون میں تین ترامیم جاری کی ہیں۔
عکاظ اخبار کے مطابق پہلی ترمیم کے تحت یوم وطنی کی تعطیل یکم میزان مطابق 23 ستمبر کو ہوگی۔ میزان شمسی ہجری کیلنڈر کا مہینہ ہے۔
صحراؤں میں ان دنوں ’الفقع‘ کی تلاش کیوں بڑھ گئی ہے؟
سعودی عرب میں ’الفقع‘، ’ٹرفل‘ یا ’موسمی جنگلی کھمبی‘ کی طلب میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور یہ تقریباً تین سو ریال فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی صحراؤں میں ان دنوں ’الفقع‘ کی تلاش بڑھ گئی ہے۔ ہزاروں لوگ اسے بڑے شوق سے کھاتے ہیں۔ موسم کی شروعات میں اس کی قیمت زیادہ ہوتی ہے۔ رفتہ رفتہ قیمت کم ہوتی چلی جاتی ہے۔
جدہ ایئر پورٹ کے ٹرمینل ون پر سیلف لگیج ڈراپ سروس
سعودی عرب میں جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کے لیے ایک نئی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ٹرمینل ون پر سیلف لیگج ڈراپ سروس متعارف کرائی گئی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ انتظامیہ نے بیان میں کہا کہ ’نئے سسٹم سے لگیج میں آسانی ہوگی اور مسافروں کا وقت بچے گا‘۔
مکہ میں ہوٹل گرنے کی وائرل ویڈیو، حقیقت کیا ہے؟
مکہ میں ایک ہوٹل کے گرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں 15 منزلہ ہوٹل کو گرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سوشل میڈیا صارفین کی طرف سے شیئر کی جانے والی ویڈیو پرانی ہے۔
سعودی عرب کے کئی علاقے پیر سے جمعے تک بارش کی زد میں
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ’ پیر 30 جنوری سے آئندہ جمعے تک سعودی عرب کے بیشترعلاقوں میں موسم غیرمستحکم رہنے کا امکان ہے‘۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکزکا کہنا ہے کہ ’پیر سے بدھ تک تبوک، حدود شمالیہ اور الجوف کے متعدد شہروں میں بارش ہوگی کا امکان ہے۔ منگل اور بدھ کو حائل، القصیم، مدینہ منورہ اور الشرقیہ کے متعدد شہروں میں تک بارش کا امکان ہے‘۔
سعودی سکول کے پاکستانی طالب علم کے اعزاز میں الوداعی تقریب
مملکت کے علاقے بیشہ میں مقیم کم عمرپاکستانی طالب علم ’احمد‘ کے اعزاز میں سعودی سکول کی انتظامیہ اورطلبہ نے مشترکہ طورپرالوداعی تقریب کا اہتمام کیا۔
اخبار24 کے مطابق مملکت میں اپنے والدین کے ہمراہ مقیم کم عمر پاکستانی طالب علم ’احمد‘ جو کہ بیشہ کے علاقے کے ایک سعودی سکول میں زیرتعلیم تھاکے بارے میں مستقل طورپروطن منتقل ہونے کی اطلاع اسکول انتظامیہ اور’احمد‘ کے ساتھیوں کوملی تو انہوں نے سکول کے ہردلعزیز طالب علم کے اعزاز میں پرتکلف الوداعیہ کا انعقاد کیا۔