اداکارہ ثنا فخر کی طلاق پر گفتگو اور فلم ’ہوئے تم اجنبی‘ کا ٹریلر
اداکارہ ثنا فخر کی طلاق پر گفتگو اور فلم ’ہوئے تم اجنبی‘ کا ٹریلر
ہفتہ 11 فروری 2023 8:29
قیصر کامران۔ کراچی
ثنا فخر نے کہا کہ کچھ رشتے ایسے ہوتے ہیں جنہیں زندگی میں لازمی توڑنا پڑتا ہے۔ فوٹو: ثنا فخر انسٹاگرام
انسان کی زندگی میں ’شادی‘ سے جس قدر خوشیاں آتی ہیں وہیں طلاق جیسا لفظ کا سن کر ہی دل افسوس میں ڈوب جاتا ہے اور خاص طور پر جب بات شوبز ستاروں کی ہو تو معاملہ دو لوگوں یا خاندانوں کا نہیں بلکہ سینکڑوں ہزاروں مداحوں کا ہوتا ہے کیونکہ فنکاروں کے ساتھ ان کے جذبات جڑے ہوتے ہیں۔
گزشتہ چند برسوں کے دوران پاکستان میں طلاق کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے لیکن بہت کم لوگ ہی اپنی زندگی کے برے تجربے سب سے شیئر کرنے کی ہمت رکھتے ہیں حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اداکارہ ثنا فخر نے اپنی طلاق کی وجہ اشاروں میں بتاتے ہوئے کہا کہ ’اللہ کبھی دو اچھے لوگوں کو الگ نہیں کرتا جب تک ایک منافق نہ ہو۔‘
اداکارہ نے کہا کہ ’میں نے اپنے رشتے کو بچانے کی بہت کوشش کی تھی اور طویل عرصے سے کرتی آ رہی تھی، وجہ کوئی بھی ہو، شادی کا خاتمہ بہت مشکل ہوتا ہے۔ ہمیں ہر ایسے شخص کی سپورٹ کرنی چاہیے جو اس کرب سے گزرتا ہے۔‘
ثنا فخر نے کہا کہ کچھ رشتے ایسے ہوتے ہیں جنہیں زندگی میں لازمی توڑنا پڑتا ہے اگر ایسا نہ کیا جائے تو بہت کچھ اور ٹوٹ جاتا ہے اور پھر اسے ٹوٹے ہوئے رشتے کے ساتھ آپ کو زندگی گزارنی پڑتی ہے۔
اسی طرح گزشتہ دنوں ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے گلوکارہ کومل رضوی بتایا کہ ان کے سابق شوہر نفسیاتی مریض تھے جس نے 4 سال کی شادی کے دوران کئی بار انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
ان کا ماننا ہے کہ ’ہمارے کلچر میں لڑکیوں کو شروع سے شادی کے سنہرے خواب دکھا دیے جاتے ہیں جن کے باعث لڑکی کی 200 فیصد کوشش ہوتی ہے کہ اس کی شادی کسی بھی طرح کامیاب رہے۔‘
کومل رضوی کے مطابق ان کی 21 برس کی عمر میں شادی ہوئی اور پھر وہ ایک برس دبئی اور 3 برس عمان میں رہیں، اس دوران وہ کئی بار بھوکی پیاسی رہیں اور جسمانی تشدد برداشت کیا۔
تشدد کی بات کریں تو گزشتہ برس فیروز خان کی سابقہ اہلیہ نے اپنے شوہر پر تشدد کا الزام لگایا تھا جس کے بعد سے اب تک فیروز خان اسی معاملے میں الجھے ہوئے ہیں اور آئے دن ساتھی فنکاروں کی تنقید اور عدالتی پیشی کا سامنا رہتا ہے۔
اسی ضمن میں دو روز قبل اداکار فیروز خان کی جانب سے آسکر ایوارڈ یافتہ فلمساز شرمین عبید چنائے کو ہتک عزت کا نوٹس بھی بھیجا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ شرمین عبید کے ٹوئٹر ہینڈل سے فیروز خان پر گھریلو تشدد میں ملوث ہونے سے متعلق ٹویٹس کی گئیں جس کی وجہ سے اداکار کی ساکھ کو نقصان پہنچا اور انہیں مالی نقصان ہوا۔
فلم انڈسٹری
پاکستانی فلم ’ہوئے تم اجنبی‘ کی ریلیز کا اعلان کرتے ہوئے ٹریلر بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اس میں فلم سٹار میکال ذوالفقار اور سعدیہ خان مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ سہیل احمد، محمود اسلم، شفقت چیمہ، ثمینہ پیرزادہ، عائشہ عمر، شمعون عباسی، علی خان اور فلمسٹار شاہد جیسے پسندیدہ اور تجربہ کار فنکار بھی مختلف کرداروں میں جلوہ افروز ہوں گے۔
فلم کی کہانی ٹی وی اینکر کامران شاہد نے لکھی ہے جس میں 1971 کی جنگ کے پس منظر میں ہونے والی ان کہی محبت کی داستانوں کو پیش کیا جائے گا۔
اداکار فیصل قریشی نے اپنی آنے والی فلم سے متعلق تفصیلات بتائی ہیں کہ وہ جلد فٹبال پر مبنی فلم میں نظر آئیں گے۔
اس حوالے سے انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ یہ فلم خواتین کی فٹبال ٹیم پر مبنی ہے تاہم ابھی تک فلم کے نام کا انتخاب نہیں کیا گیا۔
دنیا بھر کے سینما گھروں میں دھوم مچانے والی فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے فواد خان اور صنم سعید کی ویب سیریز ’برزخ‘ فرانس میں ہونے والے فلم فیسٹیول میں پیش کی جائے گی۔
فلمساز عاصم عباسی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم کا گلوبل پریمیئر مارچ 2023 میں فیسٹ سیریز مینیا فیسٹیول میں ہوگا۔
اس سے قبل پاکستانی ہدایت کار سرمد کھوسٹ کی فلم "کملی" بین الاقوامی فلم فیسٹیول روٹر ڈیم میں نمائش کی لیے پیش کی جاچکی ہے، پاکستان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے کے بعد فلم یورپ میں پیش کی گئی ہے۔
فواد خان کی ہی نئی آنے والی پاکستانی فلم منی بیک گارنٹی کا ٹیزر ریلیز کیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ یہ فلم عید الفطر کے موقع پر ریلیز کی جا رہی ہے۔
طویل کاسٹ کے ساتھ بننے والی منی بیک گارنٹی کے پہلا ٹیزر آنے کے بعد یہ اندازہ لگایا گیا تھا فلم کی کہانی فلم بینک میں چوری اور گینگ کے حوالے سے ہوگی۔
چوری سے یاد آیا کہ چند روز قبل کراچی میں نبیل قریشی کی ہدایتکاری میں بننے والی شاٹ فلم 'ساجد محل ' کی عکس بندی کے دوران کچھ لوگوں حملہ کردیا تھا اور وہاں موجود فنکاروں کو ہراساں اور عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا تاہم واقعہ کا مقدمہ درج کرکے پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔
فلمساز نبیل قریشی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ کراچی کے علاقے پی آئی بی کالونی میں ان کے عملے پر شوٹنگ کے دوران حملہ کرکے لوٹ مار کی گئی۔
یہ فلم' ساجد محل ' ایک ہارر کامیڈی فلم ہے جسے آن لائن پلیٹ فارم پر ریلیز کیا جائے گا اس فلم میں اداکار مانی، حرا مانی اور گل رعنا نظر آئیں گی۔
فیشن
پاکستانی فیشن کی تاریخ میں پہلی بار ملکی برانڈ ’راستہ‘ دنیا کے سب سے بڑے فیشن ایونٹ لندن فیشن ویک میں ڈسپلے کیا جائے گا یہ برانڈجنوبی ایشیائی ثقافت اور کلچر کو اپنے روز مرہ کے کپڑوں کے ذریعے اجاگر کرتا ہے۔
بالی ووڈ کے مشہور اور سینئر اداکار انیل کپور نے اپنی نئی ریلیز ہونے والی فلم ’جگ جگ جیو‘میں پاکستانی برانڈ راستہ کی ہی جیکٹ پہنی تھی ۔
اداکارہ ماہرہ خان نے بھی اداکاری کے بعد فیشن کی دنیا میں قدم رکھ دیا ہے،ماہرہ نے لائف اسٹائل کے ڈیجٹل میگزین کے بعد کپڑوں کا برانڈ ’ایم بائے ماہرہ‘ بھی متعارف کرا دیا۔
ڈرامہ انڈسٹری
پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر کا نیا ڈرامہ سیریل سرِ راہ پہلی قسط نے ہی شائقین کے دل جیت لیے ہیں اس ڈرامے کی کہانی خواتین پر مبنی ہے جس میں ایک خاتون کو دکھایا گیا ہے کہ جو کہ اپنے خراب معاشی حالات کی وجہ سے ٹیکسی چلاتی ہے۔
احمد بھٹی کی ہدایت کاری میں بننے والے اس ڈرامے کی صرف ایک ہی قسط نشر ہوئی ہے لیکن اُسی نے شائقین کے دل جیت لیے ہیں ۔
جہاں اس ڈرامے کے نشر ہونے سے قبل ہی اس کی تعریف کی جارہی تھی وہیں اداکارہ انمول بلوچ کے نئے ڈرامہ سیریل ’من آنگن‘ کے ٹیز ریلیز ہوتے اس پر بھارتی فلم کی کاپی کا الزام لگ گیا۔
ڈرامہ ’من آنگن‘میں شاہ رخ خان اور رانی مکھرجی کی فلم ’کبھی الوداع نہ کہنا‘ سے ملتا جلتا ایک سین شامل ہے۔
اس ہفتے ایک اور خبر یہ سامنے آئی کہ وجاہت حسین کی ہدایت کاری میں بننے والا ڈرامہ سیریل منت مراد میں مرکزی کردار نٹ کھٹ اداکارہ اقرا عزیز اور اُبھرتے ہوئے اداکار طلحہ چوہدری نبھائیں گے۔ اس ڈرامے کی کہانی نادیہ اختر نے لکھی ہے۔
موسیقی
موسیقی کے دلدادہ افراد کو ہر سال کی طرح اس سال بھی پاکستان سپر لیگ 8 کا آفیشل ترانے کا انتظار ہے جو ابھی تک جاری تو نہیں کیا گیا لیکن یہ بتا دیا گیا ہے کہ اس سال کوک اسٹوڈیو پسوڑی گانے والی گلوکارہ شے گل، عاصم اظہر اور فارس شفیع نیا ترانہ پیش کریں گے۔
کوک اسٹوڈیو سے ہی شہرت حاصل کرنے والے کیفی خلیل کی بات کریں تو ان کے گانے ابھی تک سراہا جارہا ہے ۔
حال ہی میں ایک گلوکار گوہر ممتاز نے بھی کیفی کے گانے کو سراہتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا کہ اگر پچھلی دو دہائیوں میں ’عادت‘ کے بعد کوئی گانا بے حد مشہور ہوا تو وہ ’کہانی سنو‘ ہے۔
پاکستانی گلوکارہ عروج آفتاب دنیا موسیقی کا معروف گریمی ایوارڈ حاصل کرنے میں ناکام ہوگئیں لیکن انہوں نے ایوارڈز میں پہلی بار اردو گانا پیش کرکے مداحوں کے دل جیت لیے۔