لکھنو ...... لکھنو میں پی ایچ ڈی کے ایک اسکالر نے خود ہی امتحانی سوال بنائے، خود ہی اسکے جوابات جانچے اور نمبر دیئے۔ دیوش اوجھا نامی طالب علم انسٹی ٹیوٹ آف انجینیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی(آئی ای ٹی) کے سول انجینیئرنگ میں پی ایچ ڈی کررہے تھے۔ پی ایچ ڈی کورس سے پہلے کے نمبر بھی ڈیٹا بیس میں شامل کرنا ہوتے ہیں۔ حکام کا کہناہے کہ دیوش نے یہی مضمون پی ایچ ڈی سے قبل بھی پڑھاتھا۔ انہوں نے اسکے سوالات سیٹ کئے ۔ امتحان میں شریک ہوئے اور اپنی امتحانی کاپی خود جانچی۔ آئی ای ٹی نے اوجھا کا انرولمنٹ منسوخ کردیا اور 3رکنی کمیٹی نے ملزم قرار دیکر نکال باہر کیا۔ ڈپٹی امتحان کنٹرولر جب انکے نمبر تحریر کرنے لگے تو ڈیٹا دیکھ کر وہ شکوک و شبہا ت کا شکار ہوگئے کیونکہ کاپی جانچنے والے اور سوالات سیٹ کرنے والے کا نام ایک ہی تھا۔ معاملے کی تحقیقات کیلئے 3رکنی کمیٹی بنادی گئی تھی جس نے کہا کہ اوجھا نے نظم و ضبط اور تعلیمی ضابطوںکی خلاف ورزی کی ہے۔