رکن بلوچستان اسمبلی یار محمد رند کے بیٹے کے قافلے پر حملہ، دو محافظ ہلاک
صوبائی وزیر داخلہ میر ضیااللہ لانگو نے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بلوچستان اسمبلی کے رکن سردار یار محمد رند کے بیٹے اور سابق ضلعی ناظم میر سردار خان رند کے قافلے پر کچھی کے علاقے نوشمان کے قریب بم حملہ ہوا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر ڈھاڈر فہد شاہ راشدی کے مطابق سنیچر کو میر سردار خان رند کے قافلے پر بم حملے میں ان کے دو محافظ ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا ہے کہ ’حملے میں میر سردار خان رند محفوظ رہے ہیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو سول ہسپتال ڈھاڈر منتقل کیا جا رہا ہے۔‘
وزیراعلٰی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سردار خان رند کے قافلے پر بم حملے کی مذمت کی ہے، اور محافظوں کی ہلاکت اور دیگر افراد کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے دھماکے میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے تمام وسائل استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
صوبائی وزیر داخلہ میر ضیااللہ لانگو نے بھی سردار خان رند پر حملے کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔