ایئر انڈیا کی پرواز میں ’سگریٹ نوشی‘، مسافر کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کر لیا
ایئر انڈیا کی پرواز میں ’سگریٹ نوشی‘، مسافر کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کر لیا
اتوار 12 مارچ 2023 11:16
ایئرانڈیا کی پرواز میں بدتمیزی کرنے والے مسافر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی
ایئر انڈیا کی لندن سے ممبئی جانے والی پرواز میں ساتھی مسافروں سے بدتمیزی اور قوائد کی خلاف ورزی کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق ممبئی پولیس نے 37 سالہ شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جس پر جہاز کے باتھ روم میں سگریٹ نوشی اور ساتھی مسافروں کے ساتھ بدتمیزی کا الزام ہے۔
انڈین نژاد امریکی شہری راماكانت نے 10 مارچ کو پرواز اے 130 میں سفر کے دوران جہاز کا دروازہ کھولنے کی کوشش بھی کی تھی۔
ممبئی پولیس نے فلائٹ عملے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ملزم کے بیگ سے ادویات کے علاوہ اور کوئی چیز نہیں ملی۔
ملزم کی حالت کا اندازہ لگانے کے لیے نمونے لیبارٹری بھیج دیے گئے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ وہ نشے کی حالت میں تو نہیں تھا۔
ایئر انڈیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزم انتہائی بدتمیزی اور جارحانہ انداز میں بات کر رہا تھا۔
بیان کے مطابق 10 مارچ کو لندن سے ممبئی جانے والی پرواز میں ایک مسافر کو جہاز کے باتھ روم میں سگریٹ نوشی کرتے ہوئے پکڑا ہے۔
’مسافر متعدد وارننگ کے باوجود جارحانہ انداز میں پیش آ رہا تھا۔‘
ٹاٹا گروپ کی ایئر لائن ایئر انڈیا نے مزید کہا کہ ممبئی لینڈ کرنے پر ملزم کو پولیس کے حوالے کر دیا ہے اور تحقیقات میں مکمل تعاون فراہم کریں گے۔
ایئر انڈیا نے مزید کہا کہ ایسے رویے کی طرف ’صفر برداشت‘ کی پالیسی رکھتے ہیں جو فلائٹ عملے یا مسافروں کی سکیورٹی کو خطرے میں ڈال دے۔
ممبئی پولیس کے مطابق مسافر راماکانت کے خلاف انڈین پینل کون کے سیکشن 336، 22، 23 اور 25 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے نیویارک سے دہلی جانے والی امیریکن ایئرلائن میں ساتھی مسافر پر پیشاب کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے بعد انڈین طالب علم کے سفر پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
21 سالہ انڈین طالب علم آریا ووہرا نے نشے کی حالت میں ایک مسافر پر پیشاب کر دیا تھا جس کے بعد امیریکن ایئر لائنز نے ان کے سفر پر پابندی عائد کر دی تھی۔
نومبر میں بھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جب ایئر انڈیا کی پرواز میں شنکر مشرا نامی شخص نے نشے کی حالت میں 70 سالہ خاتون پر پیشاب کیا تھا۔