سعودی عرب اور ایران کے تعلقات کی بحالی، خطے کے عوام کو فائدہ ہوگا: امیر کویت
امیر کویت نے شاہ سلمان اور ولی عہد کو پیغامات ارسال کیے ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے معاہدے کو علاقائی اور بین الاقوامی امن واستحکام، ترقی وخوشحالی کی جہت میں اہم اقدام قرار دیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق امیر کویت نے کہا کہ ’ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعاون کے فروغ سے خطے کے تمام ممالک اور اس کے عوام کو فائدہ ہوگا’۔
امیر کویت نے سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کو پیغامات ارسال کیے ہیں۔
انہوں نے معاہدے کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ’ مملکت اور ایران تعمیری اور اہم معاہدے کے ذریعے باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں‘۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ’ اس معاہدے سے مملکت کی ترقی اور خوشحالی کے خواب پورے ہوں‘۔
کویت کے نائب امیر اور ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور کویتی وزیر اعظم شیخ احمد نواف الاحمد الصباح نے بھی معاہدے کی تائید اور حمایت کرتے ہوئے پیغامات بھیجے ہیں۔