ملزمان کے قبضے سے مختلف اقسام کی ڈائیاں اور کمپیوٹر ز برآمد کر لئے گئے ، ترجمان پولیس
جدہ ( ارسلان ہاشمی) ریجنل پولیس ترجمان کرنل ڈاکٹر عطیہ القرشی نے کہا ہے کہ جعلی کرنسی چھاپنے والے 3 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا گیا ۔ ملزمان کا تعلق عرب ملک سے ہے ۔ کرنل القرشی نے ملزمان کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پولیس کو جعلی کرنسی بنانے والوں کے بارے میں ابتدائی معلومات ملی تو ملزمان کی گرفتاری کےلئے خفیہ اہلکاروں پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی جنہو ںنے ملزمان کے بارے میں وسیع پیمانے پر تحقیقات شروع کر دیں ۔ ملزمان کا سراغ ملتے ہی پولیس نے انکے ٹھکانے پر چھاپہ مارا جہاں سے 3 رکنی گروہ کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے ٹھکانے سے جعلی کرنسی نوٹ ، کمپیوٹر ز اور نوٹ چھاپنے کےلئے مخصوص ڈائیاں بھی برآمد ہوئیں ۔ ابتدائی تحقیقات میں ملزمان نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح وہ جعلی نوٹ تیار کرتے تھے ۔ گرو ہ سے مزید تحقیقات جاری ہیں جن کے خلاف بعدازاں مقدمہ دائر کر کے انہیں عدالت بھجوایا جائےگا۔