پٹرول پمپ پر اے پی ڈھلوں کے مہشور گانے کے بول ’کہندی ہوندی سی‘ چلا دیے گئے
اے پی ڈھلوں کے اس گانے کو اب تک 30 کروڑ سے زائد مرتبہ یوٹیوب پر دیکھا جا چکا ہے (فوٹو: فلمینیا)
معروف پنجابی سنگر اے پی ڈھلوں کے گانے ’ایکسکیوزز‘ نے اپنی ریلیز کے دو سال بعد بھی عوام کو اپنے سحر میں جکڑا ہوا ہے۔
سوشل میڈیا کی میمز، انسٹاگرام رِیلز اور سٹوریز سے ہوتا ہوا یہ گانا اب پٹرول پمپ تک بھی جا پہنچا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق انڈین پنجاب کے شہر جالندھر کے ایک پٹرول پمپ پر اے پی ڈھلوں کے گانے ایکسکیوزز کے مشہور بول ’کہندی ہوندی سی‘ کو پٹرول ڈالنے والی مشین پر چلایا جا رہا ہے۔
بھارت پٹرولیم نامی کمپنی کے پٹرول پمپ پر اس گانے کے بول ایل ای ڈی ڈسپلے پر چلائے گئے ہیں جس کا مقصد پٹرول پمپ کی مارکیٹنگ اور مشہوری کرنا ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر صارف ویک اپ سنگھ نے پوسٹ میں اس پٹرول پمپ کی ویڈیو اپلوڈ کرتے ہوئے لکھا کہ ’انڈیا کے پٹرول سٹیشن مختلف قسم کی مارکیٹنگ کر رہے ہیں۔‘
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پٹرول پمپ کی مشین کی ایل ای ڈی پر ’کہندی ہوندی سی ٹینکی فُل کرا دے‘ کے بول چلائے جا رہے ہیں۔
اے پی ڈھلوں کا یہ گانا جولائی 2020 کو یوٹیوب پر ریلیز ہوا تھا جس کے بعد اس نے انڈیا اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں غیر معمولی شہرت حاصل کی۔
اس گانے کو اب تک 30 کروڑ سے زائد مرتبہ یوٹیوب، جبکہ 27 کروڑ مرتبہ میوزک سٹریمنگ پلیٹ فارم سپاٹیفائی پر سنا جا چکا ہے۔