سعودی عرب میں 12 ہزار کلو فقع کی کھیپ واپس کردی گئی
’الحدیثہ سرحدی چوکی پر پہنچنے والی کھیپ میں تعفن ہے، اس پر کیڑے مار ادویہ کے آثار بھی ہیں‘ (فوٹو: سبق)
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے فقع نامی صحرائی پھل کی بڑی کھیپ کو ملک میں داخل ہونے سے روک دیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق کھیپ الحدیثہ سرحدی چوکی کے ذریعہ داخل ہورہی تھی جس میں 12 ہزار238 کلو فقع پھل تھا۔
خیال رہے کہ صحرائی خود رو پھل الفقع ایک طرح سے موسمی جنگلی کھمبی ہے جسے سعودی عرب میں موسم سرما میں شوق سے کھایا جاتا ہے۔
یہ خودرو موسمی پھل بارش کے بعد زمین کے سیراب ہوجانے پر زیرزمین پیدا ہوتی ہے اور مقامی لوگ اسےصبح سویرے تلاش کرنے نکلتے ہیں جبکہ دوپہر کے وقت زمین کی شکل بدل جاتی ہے جس کی وجہ سے فقع نظر نہیں آتی۔
فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ الحدیثہ سرحدی چوکی پر پہنچنے والی کھیپ میں تعفن ہے‘۔
’لیبارٹری ٹیسٹ کے بعد معلوم ہوا کہ یہ استعمال کے قابل نہیں رہی جبکہ اس میں کیڑے مار ادویہ کے آثار بھی ملے ہیں‘۔
فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے کھیپ واپس کرتے ہوئے مقامی تاجر کے خلاف کارروائی کی ۔