Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وراٹ کوہلی کا دی کوئیک سٹائل کے ساتھ خوب صورت ڈانس، ویڈیو وائرل

وراٹ کوہلی ویڈیو میں گروپ کے ساتھ ہاتھ میں کرکٹ بیٹ تھامے دلچسپ انداز میں ڈانس کرتے دکھائی دیتے ہیں (فائل فوٹو: سکرین گریب)
انڈین کرکٹ ٹیم کے سٹار بیٹر وراٹ کوہلی کی معروف نارویجین ڈانس گروپ دی کوئیک سٹائل کے ساتھ ڈانس ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر وراٹ کوہلی نے تصویر شیئر کی گئی جس میں وہ دی کوئیک سٹائل کے ارکان کے ساتھ موجود ہیں۔
وراٹ کوہلی نے کیپشن میں لکھا کہ ’دیکھیں میری ممبئی میں کن سے ملاقات ہوئی ہے۔‘
انسٹاگرام پر ہی دی کوئیک سٹائل نے وراٹ کوہلی کو ٹیگ کرتے ہوئے ویڈیو شیئر کی جس میں سٹار بیٹر گروپ کے ساتھ ہاتھ میں کرکٹ بیٹ تھامے دلچسپ انداز میں ڈانس کر رہے ہیں۔
کوئیک سٹائل اپنے کیپشن میں لکھتے ہیں کہ ’جب وراٹ کوہلی اور کوئیک سٹائل نے کرکٹ بیٹ تھام کر ڈانس کیا۔‘
کوئیک سٹائل ڈانس گروپ 2006 میں پاکستانی نژاد نارویجین بھائیوں سلیمان ملک، بلال ملک اور ان کے تھائی نژاد نارویجین دوست ناصر سری خان نے بنایا تھا۔
اس گروپ کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس میں مختلف رنگ و نسل کے لوگ شامل ہیں جو دیسی گیتوں پر ڈانس کرتے ہیں۔
ڈانس گروپ کی ویب سائٹ کے مطابق کوئیک کرو کے نام سے بننے والے اس ڈانس گروپ نے 2009 میں نہ صرف ’ناروے گاٹ ٹیلنٹ شو‘ جیتا بلکہ ناروے سمیت یورپ کے مختلف ممالک کے شوز میں بھی حصہ لیا ہے۔
ان کے ڈانس کے ذریعے مشرقی اور مغربی ثقافتوں کا حسین امتزاج پیدا ہوتا ہے جسے سوشل میڈیا پر عوام بہت پسند کرتے ہیں۔
دوسری جانب وراٹ کوہلی کے لیے بھی گذشتہ چند روز اچھے ثابت ہوئے۔
دائیں ہاتھ کے بیٹر نے بارڈر گواسکر ٹرافی کے چوتھے ٹیسٹ میں سوا تین سال کے طویل عرصے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں سینچری سکور کی۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے آخری میچ میں انہوں نے 186 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس کے بعد انہیں پلیئر آف دی میچ کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔

شیئر: