انڈیا میں فوجی ہیلی کاپٹر ’چیتا‘ گِر کر تباہ، پائلٹس کی تلاش جاری
جمعرات 16 مارچ 2023 12:01
ہیلی کاپٹر میں ایک لیفٹیننٹ کرنل اور میجر بھی سوار تھے۔ فائل فوٹو: پی ٹی آئی
انڈین فوج کا ایک ہیلی کاپٹر شمال مشرقی ریاست اروناچل پردیش میں گر کر تباہ ہو گیا ہے، تاہم پائلٹس کی تلاش جاری ہے۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق آرمی ہیلی کاپٹر ’چیتا‘ کسی مخصوص ملٹری مشن کے دوران اروناچل پردیش میں بومڈیلا کے مقام پر گر کر تباہ ہوا ہے۔
جمعرات کی صبح 9 بج کر 15 منٹ پر ہیلی کاپٹر کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔
وزارت دفاع کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل مہیندرا راوت نے جاری بیان میں کہا ہے کہ ’بومڈیلا کے مغرب میں منڈالا کے قریب تباہ ہونے کی اطلاع ہے۔ سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔‘
اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر میں ایک لیفٹیننٹ کرنل اور میجر بھی سوار تھے۔ ہیلی کاپٹر اروناچل پردیش میں واقع سینجے نامی گاؤں سے ریاست آسام کی جانب پرواز کر رہا تھا کہ حادثہ پیش آیا۔
گزشتہ سال اکتوبر میں بھی انڈین فوج کا ’چیتا‘ ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں ایک پائلٹ ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوا تھا۔
ہیلی کاپٹر صبح 10 بجے کے قریب ریاست اروناچل پردیش میں حادثے کا شکار ہوا تھا۔
حادثے کے بعد دونوں پائلٹس کو قریبی فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن پائلٹ لیفٹیننٹ کرنل سورابھ یادیو زندہ نہ بچ سکے تھے۔
انڈین فوج نے جاری بیان میں کہا تھا کہ ’ہیلی کاپٹر کے گرنے کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہو سکی۔ اس کی تفصیلات جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘
مارچ 2022 میں وادی کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے قریب ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوا تھا۔ اس حادثے میں بھی پائلٹ ہلاک جبکہ معاون پائلٹ شدید زخمی ہو گیا تھا۔
یاد رہے کہ دسمبر 2021 میں انڈین آرمی چیف جنرل بپن راوت اپنی اہلیہ اور 12 دیگر افراد سمیت تامل ناڈو میں ایئرفورس کے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے۔