عمران خان کے وارنٹ معطل، توشہ خانہ سے کون کیا لے گیا اور مہنگے فضائی ٹکٹ سمیت گذشتہ ہفتے پاکستان کی اہم خبریں
عمران خان کے وارنٹ معطل، توشہ خانہ سے کون کیا لے گیا اور مہنگے فضائی ٹکٹ سمیت گذشتہ ہفتے پاکستان کی اہم خبریں
ہفتہ 18 مارچ 2023 0:04
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
غیرملکی ایئرلائنز نے اکانومی کلاس میں بکنگ کے آپشنز محدود کر دیے ہیں۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان میں گذشتہ ہفتے عمران خان کی گرفتاری کی کوششیں، ہوائی جہاز کے مہنگے ٹکٹ، توشہ خانہ کے تحائف کی تفصیلات، زمان پارک میں مبینہ عسکریت پسندوں کی موجودگی اور اسلام آباد میں راہ زنی سے متعلق خبریں قارئین کی توجہ کا مرکز رہیں۔
عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل، ’پیش نہ ہونے پر توہین عدالت کی کارروائی ہوگی‘
اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے پولیس کو انہیں گرفتار کرنے سے روک دیا۔
عدالت نے قرار دیا ہے کہ عمران خان کی تحریری یقین دہانی عدالت کے سامنے دیے گئے بیان کے مترادف ہے۔ اگر کل بھی عمران خان پیش نہ ہوئے تو ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔
پاکستان سے ہوائی جہاز کے ٹکٹ کی بکنگ مہنگی کیوں پڑنے لگی؟
پاکستان سے بیرون ملک سفر کرنے والوں کو ملک سے ٹکٹ خریدنا مہنگا پڑنے لگا ہے۔ غیرملکی ایئرلائنز نے اکانومی کلاس میں بکنگ کے آپشنز محدود کر دیے ہیں جبکہ آن لائن بکنگ اور ایجنٹس کے ذریعے ٹکٹ خریدنے میں 25 سے 30 فیصد کا نمایاں فرق پڑ رہا ہے۔
ٹریول ایجنٹ ایسوسی ایشن (ٹاپ) کا کہنا ہے کہ غیرملکی ایئرلائنز کو ادائیگیاں نہ ہونے کی وجہ سے انہوں نے پاکستان سے ایجنٹس کے ٹکٹ بکنگ کے نہ صرف آپشنز کم کر دیے ہیں بلکہ کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ٹکٹ ایجنٹ کو سسٹم پر دیے گئے ریٹ سے بھی کم میں بک کیے جا رہے ہیں۔
توشہ خانے سے کون کیا لے کر گیا؟، تفصیلات ویب سائٹ پر ڈال دی گئیں
وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کا ریکارڈ سرکاری ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیا ہے۔
توشہ خانہ کا 2002 سے 2023 کا 466 صفحات پر مشتمل ریکارڈ کیبنٹ ڈویژن کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا گیا ہے۔
توشہ خانہ سے تحائف وصول کرنے والوں میں سابق صدور، سابق وزرائے اعظم، وفاقی وزرا اور سرکاری افسران کے نام شامل ہیں۔ کم مالیت کے بیشتر تحائف وصول کنندگان نے قانون کے مطابق بغیر ادائیگی کے ہی رکھ لیے کیونکہ 2022 میں 10 ہزار روپے سے کم مالیت کے تحائف بغیر ادائیگی کے رکھنے کا قانون تھا۔
زمان پارک میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کا دعویٰ، حقیقت کیا ہے؟
پنجاب کے نگراں وزیر اطلاعات عامر میر نے دعویٰ کیا ہے کہ ’زمان پارک میں ایک دہشت گرد بھی موجود تھا جو آٹھ سال کی سزا بھی کاٹ چکا ہے۔‘
عامر میر نے مزید کہا کہ ’اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد بھی زمان پارک میں موجود ہیں، ان میں صوفی محمد کا ایک رشتہ دار بھی شامل ہے۔‘
جمعرات کو آئی جی پولیس پنجاب کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ ’مذکورہ دہشت گرد کا تعلق کالعدم تحریک نفاذِ شریعت محمدی سے ہے اور یہ آٹھ سال جیل بھی کاٹ چکا ہے۔‘
اسلام آباد میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں نوجوان ہلاک، ’فیملی کے ساتھ واک پر نکلا تھا‘
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر جی 13 میں ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے فیملی کے ساتھ واک کرتے ہوئے ایک نوجوان کو قتل کر دیا ہے۔
اسلام آباد کے تھانہ گولڑہ میں درج ایف آئی آر کے مطابق یہ واقعہ پیر اور منگل کی درمیانی شب پیش آیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقتول نوجوان کے والد نے بتایا کہ ’میرا 21 سالہ بیٹا حسنین عباس میری بیٹی اور دو بھانجوں کے ساتھ رات ساڑھے نو بجے گھر سے واک کے لیے نکلے۔‘