جموں۔۔۔۔کنٹرول لائن پر پاکستان اور ہندوستان کے درمیان اتوار کو علی الصبح جھڑپوں میں شدت آگئی۔ ان کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی فائرنگ سے عمارتوں کو نقصان پہنچا اور سرحد پر رہنے والے ایک ہزار شہریوں کو انخلاء کرنا پڑاجس کے بعد ہندوستانی فوج نے بھی جوابی فائرنگ کی۔صبح پونے سات بجے پاک فوج نے دور مار 82ایم ایم اور 120ایم ایم کے گولے برسائے جبکہ چھوٹے اسلحہ اور خود کار اسلحہ سے بھی فائرنگ کی۔وزارت دفاع کے ترجمان لیٹیننٹ کرنل منیش مہتہ نے کہا کہ ہندوستان کی فوجی چوکیوں سے اس کا بھرپور جواب دیا گیا۔ 4دنوں میں جنگبندی کی یہ چوتھی جبکہ 2دنوں میں راجوڑی ضلع میں یہ دوسری خلاف ورزی تھی۔راجوڑی کے ڈپٹی کمشنر شاہد اقبال چوہدری نے کہا کہ راجوڑی میں چتی بکری علاقے میں بھی جنگبندی کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔ پولیس اور ضلعی حکام نے ان علاقوں سے 996افراد کو نکال کر امدادی کیمپوں میں پہنچا دیا۔نوشہرہ سیکٹر میں 51اسکول غیر معینہ مدت کیلئے جبکہ منجا کوٹا اور ڈونگری زون میں 3دن کیلئے بند کردیئے گئے۔ متاثرہ طلبہ کی تعداد 4600ہے ۔ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے علاقے کا دورہ کیا۔ہفتے کو پاکستان کی طرف سے ہونیوالی فائرنگ کے نتیجے میں ایک کمسن بچی سمیت 2افراد ہلاک اور 4فوجیوں سمیت 9افراد زخمی ہوئے تھے۔ پاکستان نے کنٹرول لائن پر راجوڑی میں 35دیہات اور ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔