چنڈی گڑھ(ایجنسیاں)نیشنل ہائی وے پر واقع رام پور کے ریلوے پھاٹک کے پاس ایک پرائیویٹ کمپنی کی بس میں آگ لگ گئی ۔بس میں سوار3مسافر زندہ جل گئے جبکہ26بری طرح جھلس گئے ان میں سے10کی حالت نازک ہے جنہیں لدھیانہ کے ڈی ایم سی اسپتال میں داخل کرادیا گیا۔17زخمیوں کو رام پور کے سول اسپتال پہنچایا گیا۔ذرائع کے مطابق ٹرانسپورٹ کمپنی کی بس جالندھر سے بھٹنڈا جارہی تھی جب وہ رامپوراریلوے پھاٹک پر پہنچی تو کسی تکنیکی خرابی کے باعث اس میں آگ لگ گئی۔مسافروں نے شورمچانا شروع کردیا۔ڈرائیور گھبراہٹ کے عالم میں 300میٹر تک جلتی ہوئی بس دوڑا تا چلا گیاجس سے بس پوری طرح آگ کی لپیٹ میں آگئی، مسافروں نے شیشے توڑ کر چھلانگ لگا دی۔ مقامی لوگ جلتی ہوئی بس دیکھ کرمدد کیلئے دوڑے اور 30مسافروں کو یقینی موت بچا لیا۔ اطلاع ملنے پرفائر بریگیڈ کا عملہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیااور بس کی آگ پر قابو لیا-