Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوادر بندرگاہ سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ کیلئے بھی فائدہ مند ہے، سفیر پاکستان

جدہ.... پاکستان ایگزیکٹو گروپ( پی ای جی) سعودی عرب نے جدہ میں” انو یسٹمنٹ گیٹ وے پاکستان“ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی جدہ چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری کے وائس چیئرمین شیخ مازن بتر جی تھے۔ تقریب میں سفیر پاکستان وائس ایڈمرل(ر) ہشام بن صدیق نے بھی شرکت کی۔ شیخ ماز ن بتر جی نے اپنے خطاب میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اس امید کا اظہار کیا کہ سیمینار کے انعقاد سے پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں مدد ملے گی۔ پاکستان ایگزیکٹیو گروپ کے صدر ذوالقرنین علی خان نے کہا کہ سیمینار کا مقصدپاک ،چین اقتصادی راہداری سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کرنا ہے۔ اس سے غیر ملکی سرمایہ کاری کی نئی لہر آئے گی۔ سی پیک صرف ا نفرااسٹر کچر کا نام نہیں بلکہ پورے روٹ پر اقتصادی زونز بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کے لئے مواقع دیکھ رہا ہوں ۔ پاکستان کے نئے سفیر وائس ایڈمرل(ر) ہشام بن صدیق نے سیمینار کے انعقاد کی ستائش کی اور پاک چین اقتصادی راہداری(سی پیک) سے ہونے والی ترقی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستان سرمایہ کار ی کا مرکز بننے جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مشرق وسطیٰ اور سعودی عرب گوادر بندرگاہ سے فائدہ اٹھائیں جو مختصر ترین میری ٹائم روٹ ہے۔ جس سے سمندری سفر12ہزار کلومیٹر سے کم ہو کر 2 ہزار 295 رہ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسکے علاوہ سعودی سرمایہ کاروں کےلئے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں مواقع موجود ہیں۔ قونصل جنرل شہر یار اکبر خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ چا رج سنبھالنے کے بعد نئے سفیر پاکستان کی کمیونٹی اجتماع میں پہلی شرکت ہے ان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قونصلیٹ کے اہلکار پورے ہفتے24 گھنٹے کمیونٹی کی خدمت کے لئے حاضر ہیں۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان ایگزیکٹو گروپ کی مدد اور تعاون سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارت میں اضافے کے اہداف حاصل کریں گے۔ تقریب میں پی ای جی کے ارکان اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ گروپ کے صدر ذوالقرنین علیخان نے مہمان خصوصی شیخ مازن بتر جی کو شیلڈ پیش کی۔

شیئر: