افغانستان کے خلاف دوسرا ٹی 20: فہیم اشرف باہر، محمد نواز کی واپسی
پاکستان اور افغانستان کے درمیان تین ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ آج شارجہ میں کھیلا جائے گا۔
میچ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق رات نو بجے شروع ہو گا جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کا اعلان بھی کر دیا ہے۔
گرین شرٹس نے ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے آلراؤنڈر فہیم اشرف کی جگہ محمد نواز کو شامل کیا ہے۔
پاکستان کی ٹیم: صائم ایوب، محمد حارث، عبداللہ شفیق، طیب طاہر، شاداب خان (کپتان)، اعظم خان، محمد نواز، عماد وسیم، نسیم شاہ، زمان خان، احسان اللہ۔
سیریز کے پہلے میچ میں افغانستان نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ یہ اس کی ٹی20 انٹرنیشنل میں پاکستان کے خلاف پہلی کامیابی ہے۔
افغانستان نے 93 رنز کا ہدف 18 ویں اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا تھا۔ محمد نبی نے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
جمعے کو شارجہ میں ٹاس جیت کر گرین شرٹس کے کپتان شاداب خان نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو اچھا ثابت نہ ہوا اور قومی ٹیم 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر صرف 92 رنز بنا سکی۔ یہ پاکستان کا ٹی20 انٹرنیشنل میں پانچواں سب سے کم سکور ہے۔