ڈونلڈ ٹرمپ پر فردِ جرم عائد، مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنے والے پہلے امریکی صدر
سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ آنے والے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر چکے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف 2016 میں ایک سابق ’پورن سٹار‘ سٹورمی ڈینیئلز کو خاموش رہنے کے لیے رقم کی مبینہ ادائیگی کے مقدمے میں فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکی تاریخ میں کسی بھی صدر کے خلاف یہ پہلی مجرمانہ کارروائی ہے۔ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحت جرم سے انکار کیا ہے۔
نیویارک کی گرینڈ جیوری نے سابق صدر کے خلاف تحقیقات کے بعد ان پر فرد جرم عائد کرنے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔
سابق صدر کے وکیل نے فرد جرم عائد ہونے کی تصدیق کی ہے لیکن ابھی تک باضابطہ فرد جرم عائد کرنے کا اعلان نہیں کیا گیا۔
سابق صدر کے وکیل کے مطابق ان کے موکل نے کوئی جرم نہیں کیا اور کہا کہ ’ہم عدالت میں مقابلہ کریں گے۔‘
ان پر کس قسم کی فرد جرم عائد ہو گی اس حوالے سے فی الحال تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
فرد جرم عائد ہونے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور وہ ان الزامات کو تسلیم نہیں کرتے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی انتخابی عمل میں مداخلت ہے۔
خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف قانونی کارروائی سے ان کی 2024 کی صدارتی مہم بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
سابق صدر آنے والے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کر چکے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ پر جنوری 2021 میں کیپیٹل ہل ہنگامے میں ان کے کردار کی تحقیقات کے کیس کے علاوہ ریاست جاجیا میں 2020 میں انتخابات میں اپنی شکست کو جیت میں بدلنے کی کوششیں اور عہدہ چھوڑنے کے بعد خفیہ دستاویزات کا رکھنے کے کیسز بھی شامل ہیں۔