اسلام آباد... چین نے پاکستان کو اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والی حالیہ کشیدگی کو ختم کرانے کےلئے اپنا کردار ادا کر ےگا ۔ اسلام آباد اور کابل مذاکرات کے ذریعے تعلقات میں بہتری لاسکتے ہیں۔ وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے میڈیا کو بتایاکہ پاکستان نے چین کو پاک، افغان حالیہ کشیدگی کے حوالے سے آگاہ کیاتھا۔ چین نے یہ وعد کیا تھا کہ وہ اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ خطے میں قیام امن کےلئے ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہے ۔ حکام نے کہا کہ چین اس بات کو اچھی طر ح سے سمجھتا ہے کہ خطے میں قیام امن کے حصول کےلئے افغانستان، ایران اور ہندکے ساتھ کشیدگی سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ ایک اور سرکاری افسر نے کہا کہ چین کو پاکستان میں امن و امان کی صورت حال پر تحفظات ہیں لیکن پھر بھی وہ سی پیک منصوبوں کے تحت پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کر رہا ہے وہ خود بھی پاکستان میں قیام امن کے لئے اپنی کوششیں کر رہا۔ اس نے ہر موقع پر پاکستان کی مدد کی ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ وہ پاک ،افغان کشیدگی کم کرانے کےلئے اپنا کردار ادا کرےگا ۔