Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام میں 11 دن کے دوران پندرہ ملین لٹر سے زیادہ آب زمزم کا استعمال

مسجد الحرام میں 19ہزار 282 زمزم کولر جگہ جگہ رکھے ہوئے ہیں(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں حرمین شریفین انتظامیہ کے ماتحت ’سقیا زمزم‘  ادارے نے کہا ہے کہ  یکم  سے گیارہ رمضان تک مسجد الحرام میں زائرین نے پندرہ ملین لٹر سے زیادہ آب زمزم استعمال کیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ آب زمزم فراہم کرنے کے لیے مسجد الحرام کے دالانوں اور صحنوں میں کولر، سبیلیں  قائم کی ہیں۔
سقیا زمزم کا کہنا ہے کہ رمضان میں زائرین کی بڑی تعداد کو سامنے رکھتے ہوئے انتظامیہ نے زیادہ مقدار میں آب زمزم کی فراہمی کا اہتمام کیا ہے۔
سقیا زمزم کے انچارج عبدالرحمن الزھرانی نے بتایا کہ ’مسجد الحرام کے زائرین کے لیے روزانہ سوا دس لاکھ  لٹر آب زمزم  کنگ عبداللہ سبیل سے فراہم کیا جارہا ہے‘۔
عبدالرحمن الزھرانی کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام میں 19ہزار 282 زمزم کولرز ہیں۔ یہ مطاف اور صحنوں میں جگہ جگہ رکھے ہوئے ہیں۔
زائرین میں یکم  سے گیارہ رمضان تک 5 لاکھ 82 ہزار 960 سے زیادہ آب زمزم کی بوتلیں فراہم کی گئی ہیں۔
زائرین نے 2 کروڑ 92 ہزار 95 ہزار گلاس استعمال کیے۔

شیئر: