مضاوی العمران، سعودی وزارت سرمایہ کاری میں معاون نائب وزیر بننے والی پہلی خاتون
مضاوی العمران، سعودی وزارت سرمایہ کاری میں معاون نائب وزیر بننے والی پہلی خاتون
اتوار 9 اپریل 2023 16:03
انہوں نے مالیاتی پالیسی کی ترقی اور بینکنگ امور میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ فوٹو عرب نیوز
مضاوی اے العمران سعودی وزارت سرمایہ کاری میں معاون نائب وزیر بننے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق مضاوی العمران پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں کئی ایگزیکٹو عہدوں پر فائز رہنے کا تقریباً 13 سال کے تجربہ رکھتی ہیں۔
مضاوی العمران نے میکرو اکنامک اور مالیاتی پالیسی کی ترقی، سرمایہ کاری اور بینکنگ اور مالیاتی امور میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔
مضاوی العمران اقتصادی ترقی کے کاموں کی منصوبہ بندی اور نفاذ، بجٹ سازی، نظم و نسق اور اقتصادی ماڈلز کی تعمیر اور منصوبے کی لاگت کا تخمینہ لگانے میں انتہائی مہارت رکھتی ہیں۔
مضاوی العمران نے فروری 2021 میں وزارت سرمایہ کاری میں اقتصادی تجزیہ اور مشاورت کی جنرل منیجر کے طور پر شمولیت اختیار کی جس کے بعد نومبر 2022 میں اقتصادی امور اور سرمایہ کاری کے معاون نائب وزیر کے منصب پر فائز ہو گئیں۔
وزارت سرمایہ کاری میں یہ عہدہ سنبھالنے کے بعد وہ معاشی تجزیہ، مطالعات، اثرات کی تشخیص اور ماڈلنگ کی نگرانی کر رہی ہیں اور اندرون و بیرون ملک ہونے والے مباحثوں میں وزارت کی نمائندگی کرتی رہی ہیں۔
مضاوی العمران نے جولائی 2016 میں وزارت خزانہ میں میکرو فِسکل پالیسی یونٹ کے قیام کے بعد ٹیم کے حصے کے طور پر شمولیت اختیار کی اور مختلف عہدوں پر ذمہ داریاں نبھانے کے بعد انہوں نے اس یونٹ میں قائم مقام جنرل منیجر کے طور پر خدمات انجام دیں۔
مضاوی العمران نے 2009 سے 2012 کے درمیان سعودی نیشنل کمرشل بینک میں اور 2012 سے 2016 تک شہزادی نورہ بنت عبدالرحمان یونیورسٹی میں مختلف حیثیت سے خدمات انجام دیں اور ہیں۔
سعودی وژن 2030 کے اہداف حاصل کرنے کے لیے انہوں نے سعودی عرب کو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے خصوصی ڈیٹا ڈسمینیشن سٹینڈرڈ کے لیے سبسکرائب کرنے کے لیے کام کیا اور کئی قومی منصوبوں میں حصہ لیا۔
مضاوی العمران نے کنگ سعود یونیورسٹی سے معاشیات میں ماسٹرز اور بیچلر کی ڈگریاں حاصل کی ہیں اور کئی متعلقہ لیڈر شپ کورسز، کوچنگ لیولز اور ٹیکنیکل سرٹیفکیٹ بھی حاصل کر چکی ہیں۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں