احمدآباد۔۔۔۔۔احمد آباد میں شوہر کو لاک اپ میں بند کرنے کے بعد اس کی اہلیہ نے تھانے میں ہنگامہ مچا دیا اور کہا کہ اسے بھی اپنے شوہر کے ساتھ لاک اپ کیا جائے۔ گومتی پور کے پولیس انسپکٹر نے کہا کہ خاتون نے دھمکی دی کہ اگر اسے اپنے شوہر کے ساتھ رہنے کی اجازت نہ دی تو وہ خودسوزی کرلے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں تھا کہ اسے بھی لاک اپ کردیں۔مریم بی بی چال کے مکینوں نے کہا کہ چاندنی اور محمود ملک کی شادی 2014میں ہوئی تھی ۔بعد میں ان میں تنازع پیدا ہوگیا، چاندنی نے اپنے شوہر اور والدین پر الزام لگایا کہ وہ اس پر تشدد کرتے ہیں۔ اس پر اس نے مقدمہ درج کرادیاحتیٰ کہ وہ عدالت بھی چلی گئی۔چاندنی اپنے والدین سے بھی الگ رہ رہی تھی۔ وہ شوہر کے گھر والوں کے پاس پہنچی اور سسرالیوں سے بھی جھگڑا کیا۔ گومتی پور تھانے آکر اس نے سسرالیوں کی طرف سے ہراساں کرنے کی شکایت کی۔ پولیس ملک کے گھر والوں کو تھانے لے آئی اوراحتیاطی اقدام کے طور پر انہیں لاک اپ کردیا۔ اتوار کی شام پولیس نے ملک کو بھی گرفتار کرلیا اطلاع ملنے پر چاندنی جو کسی بھی صورت میں اپنے شوہر سے علیحدہ نہیں ہونا چاہتی تھانے پہنچ گئی اور پولیس پر زوردیا کہ وہ اسے بھی لاک اپ کرے۔پولیس نے سسرالیوں کو رہا کردیا لیکن شوہر کو رہا نہ کیا گیا کیونکہ اس کے قبضے سے شراب برآمد ہوئی تھی۔بعد میں چاندنی کو لاک اپ سے بھگا دیا گیا اب وہ اپنے شوہر کی ضمانت کرانے کیلئے سرگرداں ہے۔