نئی دہلی ۔۔۔مرکز میں بی جے پی کے 3سال مکمل ہونے پر رائے عامہ کا جائزہ مرتب کیا گیا اس کے مطابق61فیصد لوگوں نے کہا کہ حکومت سے ان کی توقعات پوری ہوچکی ہیں۔3سالوں کی مدت کے دوران حکومت نے اپنے وعدے پورے کئے۔ مختلف اسکیموں پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں لوگوں نے کہا کہ ڈائریکٹ بینیفٹ ٹرانسفر کے حق میں 45فیصد لوگوں نے منظوری دی۔جن دھن یوجنا کے حق میں 29فیصد لوگوں نے منظوری دی جبکہ سوچھ بھارت کو 16فیصداور میک ان انڈیا کو 8فیصدنے سراہا۔جہاں تک افراط زر ، خواتین کے خلاف جرائم ، بے روزگاری اور صحت عامہ کا تعلق ہے مودی حکومت نے ان معاملات پر زیادہ کامیابی حاصل نہیں کی۔لوگوں نے اراکین پارلیمنٹ کی کارکردگی پر بھی بڑی مایوسی ظاہر کی۔69فیصد لوگوں کا کہنا تھا کہ منتخب نمائندے زیادہ کام نہیں کررہے۔یہ سروے ’’لوکل سرکلس‘‘نامی ادارے نے کروائے تھے اور تقریباً200شہروں کے 40ہزار لوگوں نے سوالات کے جوابات دیئے۔