کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی، ہاردک پانڈیا پر12 لاکھ روپے جرمانہ
لیگ کے 18 ویں میچ میں گجرات ٹائٹنز نے میزبان پنجاب کنگز کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے 18 ویں میچ کے دوران کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر دفاعی چیمپیئن ٹیم گجرات ٹائٹنز کے کپتان ہاردک پانڈیا پر 12 لاکھ انڈین روپے کا جرمانہ کر دیا گیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق آئی پی ایل کی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ’انڈین پریمیئر لیگ میں موہالی سٹیڈیم میں 13 اپریل کو کھیلے گئے میچ میں پنجاب کنگز کے خلاف گجرات ٹائٹنز کے کپتان ہاردک پانڈیا پر سلو اوور ریٹ کے باعث جرمانہ کیا گیا ہے۔‘
’یہ رواں سیزن میں ان کی ٹیم کی جانب سے کوڈ آف کنڈکٹ کی پہلی خلاف ورزی تھی۔ پانڈیا پر 12 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔‘
رواں سیزن میں کپتانوں پر لگاتار تیسری مرتبہ سلو اوور ریٹ کے باعث جرمانہ ہوا ہے۔
اس سے قبل کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) کے کپتان فیف ڈو پلیسی اور راجستھان رائلز کے کپتان سنجو سیمسن پر بھی 12 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔
لیگ کے 18 ویں میچ میں گجرات ٹائٹنز نے میزبان پنجاب کنگز کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔
گجرات نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد پنجاب کنگز مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز ہی بنا سکی۔
ٹائٹنز کی جانب سے ڈیبیو کرتے ہوئے فاسٹ بولر موہت شرما نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
154 رنز کا ہدف گجرات نے 19.5 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
دفاعی چیمپیئنز کی جانب سے اوپننگ بیٹر شبمان گِل نے 67، ردھیمان ساہا نے 30 اور سائی سُودھرشن نے 19 رنز سکور کیے۔
اگر پوائنٹس ٹیبل پر نگاہ ڈالی جائے تو گجرات ٹائٹنز چھ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ پنجاب کنگز چار پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔