کراچی ...وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نومبر 2017 ءتک ملک بھر میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائے گا۔آئندہ سال 10 ہزار میگا واٹ مزید بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی۔کے الیکٹرک کو گیس کی فراہمی میں کمی نہیں کی گئی ۔ منگل کو کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں گیس کی پیداور بڑھائے بغیر توانائی کے مسئلہ پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔توانائی کے بحران کے حل کے لئے گیس درآمد کر نا ضروری ہے۔ گیس کی قلت کو پورا کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کررہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ پاک، ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر پیش رفت نہیں ہوئی۔ ایران پر پابندیوں کے باعث ہم چاہیں بھی تو ایران سے گیس نہیں منگوا سکتے اورایران چاہتے ہوئے بھی فروخت نہیں کر سکتا۔ انہو ں نے کہا حکومت توانائی کے لانگ ٹرم منصوبوں پر بھی کام کررہی ہے۔ مزید 15ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میںشامل کرنا لانگ ٹرم پالیسی کا حصہ ہے۔