Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں گُھسنے والے جانور کی شناخت ہوگئی

پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہونے والے جانور کو انگریزی میں ’انڈین سوٹ کیٹ‘ کہا جاتا ہے۔ (رینا خان ستی/ٹوئٹر)
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ایک جنگلی جانور داخل ہوگیا جس نے کئی دفاتر کو نقصان بھی پہنچایا۔
منگل کو پاکستانی سوشل میڈیا پر متعدد صحافیوں اور عام صارفین کی جانب سے ویڈیوز شیئر کی گئیں جس میں ایک چھوٹے سے جانور کو پارلیمنٹ کے اندر گھومتے ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں چہل قدمی کرنے والے جانور کو کافی تگ و دو کے بعد پولیس اہلکاروں نے سیاہ کپڑے کی مدد سے پکڑا۔ متعدد افراد کی جانب سے کہا گیا کہ اس جانور کو ’کیوٹ کیٹ‘ کہتے ہیں۔
اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی چیئرپرسن رینا خان ستی کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہونے والے جانور کو انگریزی میں ’انڈین سوٹ کیٹ‘ کہا جاتا ہے۔ بلّی کی طرح دکھنے والے اس جانور کو اردو میں ’مُشک بلاؤ‘ کہا جاتا ہے۔
رینا ستی خان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’مُشک بلاؤ شاید تیز بارش سے بچنے کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس میں گھس آیا ہوگا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں۔ یہ ایک جنگلی لیکن بے ضرر جانور ہے۔ سکیورٹی اہلکاروں نے جانور کو واپس اس کے قریبی قدرتی مسکن میں چھوڑ دیا۔‘
ان کے مطابق ’یہ جانور جنوبی ایشیا میں تواتر سے پایا جاتا ہے اور اکثر شہروں میں یا ان سے قریب سبز علاقوں میں رہتا ہے۔‘

شیئر: