Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قطیف میں دہشتگردوں کا پھر حملہ، اہلکار شہید

ریاض.... وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے واضح کیا ہے کہ قطیف کے المسورہ محلے میں دہشتگردوں نے منگل کو آر پی جی سے حملہ کرکے سیکیورٹی فورس کے ایک اہلکار ولید غثیان الشیبانی کو شہید اور 5کو زخمی کردیا۔حملے سے مقیم غیر ملکی بھی متاثر ہوئے۔ دہشتگردوں نے محلے کے اندر سے زبردست فائرنگ کی تھی۔ سیکیورٹی اہلکار حملہ آوروں کی تلاش اور آر پی جی جیسے گولے استعمال کرنے کے محرکات اور ذرائع کا پتہ لگانے میں مصرو ف ہیں۔ الترکی نے کہا کہ العوامیہ کے دہشتگرد المسورہ محلے کے ترقیاتی منصوبوں کو ناکام بنانے میں لگے ہوئے ہیں۔ یہ لوگ داعش اور القاعدہ سے مختلف نہیں۔ یہ خارجی طاقت کے ایجنڈے پر عمل کررہے ہیں۔ الترکی نے الاخباریہ چینل سے گفتگو میں کہا کہ انکا مقصد مملکت کے امن و امان کو متزلزل کرنا ہے۔ اس امکان سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ ان کے پاس مختلف قسم کے ہتھیار وافر مقدار میں موجود ہوں۔ یہ لوگ راہگیروں اور مقیم غیر ملکیوں کی جان کی پروا کئے بغیر اندھا دھند فائرنگ کررہے ہیں۔وزارت داخلہ نے بتایا کہ دہشتگردوں نے مشرقی ریجن کی میونسپلٹی کی نگرانی میں زیر تکمیل ترقیاتی منصوبہ نافذ کرنیوالے ٹھیکیدار کے کارکنان کو نشانہ بنایا۔ ایسا لگتا ہے کہ وہ کسی بھی قیمت پر ترقیاتی منصوبے نافذ نہیں ہونے دینا چاہتے۔
 

شیئر: